سندھ ہائی کورٹ میں وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی بطور ڈپٹی وزیراعظم تقرری کے خلاف درخواست دائر سماعت کے بعد دو ہفتے کے لیے ملتوی کر دی گئی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق سندھ ہائیکورٹ میں وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی بطور ڈپٹی وزیراعظم تقرری کے خلاف وکیل طارق منصور ایڈووکیٹ کی معرفت درخواست دائر کی سماعت ہوئی، درخواست میں عدالت کے حکم کے مطابق اسحاق ڈار کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست گزار کے وکیل طارق منصور ایڈووکیٹ نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ اسحاق ڈار کو نوٹس جاری کر کے ان سے جواب طلب کیا جائے۔
چیف جسٹس ہائی کورٹ نے استفسار کیا کہ پرویز الہٰی کی بطور ڈپٹی وزیراعظم تقرری کا نوٹیفکیشن اور اس کے خلاف عدالتی فیصلہ کہاں ہے۔
درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ کابینہ ڈویژن کو گزٹ نوٹیفکیشن کے لیے لکھا ہے، دستاویز ملتے ہی عدالت میں پیش کر دی جائے گی۔
عدالت نے کہا کہ دستاویز سے قبل کوئی نوٹس جاری نہیں کیا جائے گا۔ پہلے عدالت کو مطمئن کریں پھر آگے کارروائی بڑھائیں گے۔ اس کے بعد عدالت نے درخواست کی مزید سماعت دو ہفتے کے لیے ملتوی کر دی۔
اسحاق ڈار کی بطور ڈپٹی وزیراعظم تقرری کے خلاف گزشتہ ہفتے درخواست دائر کی گئی تھی جو سماعت کے لیے منظور کر لی گئی تھی۔
یاد رہے کہ پیپلز پارٹی کے دورِ حکومت میں چوہدری پرویز الہٰی 25 جون 2012ء سے 16 مارچ 2013ء تک ڈپٹی وزیرِاعظم کے عہدے پر فائز رہ چکے ہیں۔