منگل, مئی 14, 2024
اشتہار

مصر میں شاہراہوں کے ناموں سے متعلق خاتون افسر کا عجیب قدم

اشتہار

حیرت انگیز

قاہرہ: مصر میں ایک خاتون افسر نے منصب کا غلط استعمال کرتے ہوئے اپنے شوہر کو خوش کرنے کے لیے سڑکوں کے نام تبدیل کر دیے۔

تفصیلات کے مطابق مصر میں ایک سرکاری خاتون افسر نے شہر کی شاہراہیں شوہر اور ان کے رشتے داروں کے نام سے منسوب کر دیں، لیکن خاتون کی بدقسمتی کہ انھوں نے شاہراہوں کے ناموں کی تبدیلی کا حکم سوشل میڈیا پر بھی شیئر کر دیا۔

ایک مصری جریدے کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ خاتون افسر کی جانب سے سوشل میڈیا پر یہ عجیب و غریب حکم جاری ہونے کے بعد اس پر بحث شروع ہو گئی، اور اس کی گونج اعلیٰ مصری حکام تک بھی پہنچ گئی۔

- Advertisement -

عوام کا اعتراض تھا کہ خاتون افسر کو محض اپنے خاندان کے افراد کے ناموں پر شاہراہوں کے نام رکھنے کا حق نہیں، مزید یہ کہ خاتون کے شوہر اور ان کے رشتے دار قومی ہیرو یا اہم شخصیات کے زمرے میں بھی شامل نہیں۔

سوشل میڈیا پر عوامی رد عمل کے بعد مصری حکام نے واقعے کی تحقیقات کا حکم جاری کر دیا ہے، قلیوبیہ کمشنری کے شہر ’کفرشکر‘ کے پولیس کمشنر کی جانب سے فوری طور پر تحقیقاتی کمیٹی کا قیام بھی عمل میں لایا گیا، خاتون افسر کے احکامات بھی منسوخ کر دیے گئے۔

سوشل میڈیا پر ذاتی تشہیر کے خلاف اٹھنے والی تحریک نے خاتون افسر کے منصوبے پر پانی پھیر دیا، جو محض پورے شہر کی اہم شاہراہیں اپنے شوہر اور خاندان کے دیگر افراد کے ناموں سے منسوب کرنے کی خواہاں تھیں۔

واضح رہے کہ دنیا بھر میں شہروں اور قصبوں میں شاہراہوں کا نام اہم شخصیات یا تاریخی حوالے سے رکھے جاتے ہیں، عرب ممالک میں بھی یہی دستور چلا آ رہا ہے، سعودی عرب میں بھی شاہراہوں کے نام مختلف اہم مقامی اور عالمی شخصیات کے ناموں پر رکھے جاتے ہیں۔ شاہراہوں کے اصل نام سرکاری سطح پر دستاویزات میں درج ہوتے ہیں، لیکن اس کے علاوہ بعض مقامات کے نام اہل علاقہ کی جانب سے بھی دیے جاتے ہیں جو اگرچہ سرکاری دستاویزات میں تو نہیں ہوتے مگر وہ نام ہر کسی کی زبان پر عام ہو جاتے ہیں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں