ریاض : سعودی حکومت نے گھریلو ملازمین کی غیر حاضری سے پریشان خاندانوں کی مشکل آسان کردی، چھٹی لے کر واپس نہ آنے والے ملازمین کا ویزا از خود منسوخ ہوجائے گا۔
تفصیلات کے مطابق سعودی عرب میں مختلف ممالک سے لاکھوں کی تعداد میں آئے ہوئے مرد و خواتین ڈرائیور یا گھریلو ملازماؤں کے طور پر کام کررہے ہیں جو سال سو سال یا کبھی کبھار چھٹیاں گزارنے اپنے ملک جاتے ہیں۔
یہ ملازمین اپنے وطن خروج و عودة یعنی ایگزٹ ری انٹری ویزے پر چھٹی گزارتے ہیں لیکن اکثر دیکھنے میں آیا ہے کہ بعض لوگ ویزے کی میعاد ختم ہوجانے کے باوجود سعودی عرب واپس نہیں آتے۔
جس کی وجہ سے سعودی خاندانوں یا کفیل کو نئے ملازم یا ملازماؤں کو رکھنے کیلئے نئے ویزے کے حصول کیلئے قانونی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی محکمہ پاسپورٹ نے مقامی شہریوں کی درخواست کے پیش نظر یہ واضح کیا ہے کہ اگر کوئی خاندانی ڈرائیور یا گھریلو ملازم یا ملازمہ خروج و عودة پر اپنے وطن گیا ہو اور مقررہ میعاد یعنی چھ ماہ کے اندر واپس نہیں آیا تو اس کا ویزہ ختم کرانے کے لیے کسی کارروائی کی ضرورت نہیں رہتی۔
ایسے گھریلو ملازمین اور ملازماﺅں کا ریکارڈ سسٹم سے از خود ختم ہوجاتا ہے، سعودی محکمہ پاسپورٹ کا کہنا ہے کہ کوئی بھی سعودی شہری اس ملازم کی جگہ نیا ویزا جاری کرانا چاہے تو ویزے کی میعاد ختم ہونے کے تیس روز بعد محکمہ پاسپورٹ سے رجوع کرے۔