اشتہار

حوثیوں نے آبنائے باب المندب سے گزرنے والے ٹینکر پر کروز میزائل داغ دیا

اشتہار

حیرت انگیز

حوثیوں نے آبنائے باب المندب سے گزرنے والے ایک اور بحری ٹینکر پر کروز میزائل داغ دیا، جس سے جہاز پر آگ بھڑک اٹھی۔

الجزیرہ کے مطابق یمن کے ساحل سے آبنائے باب المندب سے گزرنے والے ایک بحری ٹینکر کو میزائل سے نشانہ بنایا گیا ہے، یہ آبنائے مشرقی افریقہ کو جزیرہ نما عرب سے الگ کرنے والی نہایت ہی اہمیت کی حامل ہے۔

امریکا کی مرکزی کمان (سینٹکام) نے کہا ہے کہ اسٹرنڈا جہاز ناروے کی ملکیت ہے، جس پر پیر کو نصف شب یمن کے حوثیوں کے زیر قابو علاقے سے اینٹی شپ کروز میزائل داغا گیا، بحری جہاز اس وقت باب المندب سے گزر رہا تھا۔

- Advertisement -

اسٹرنڈا کے بارے میں بتایا گیا کہ یہ تیل اور کیمیکل لے جانے والا ٹینکر ہے، جو ناروے کے شہر برگن میں قائم شپنگ کمپنی موونکلس ریڈیری کے بیڑے کا حصہ ہے، اور یہ اٹلی جا رہا تھا۔

کمپنی کے مطابق میزائل لگنے کے بعد جہاز میں آگ لگ گئی تھی، تاہم عملے کے کسی رکن کو کوئی نقصان نہیں پہنچا، اور جلد ہی آگ بجھا دی گئی، کمپنی کے چیف ایگزیکٹو نے الجزیرہ کو بتایا کہ واقعے کے بعد جہاز ایک محفوظ بندرگاہ کی طرف بڑھ رہا ہے۔

واضح رہے کہ اسرائیل اور حماس کی جنگ میں اضافے کے ساتھ اس بحری علاقے میں تجارتی جہاز رانی کو لاحق خطرات اور بڑھ گئے ہیں، یمن کے ایرانی حمایت یافتہ حوثی باغیوں نے بحیرہ احمر میں جہازوں پر حملے بڑھا دیے ہیں، حالیہ دنوں میں انھوں نے دھمکی دی تھی کہ وہ کسی بھی ایسے جہاز کو نشانہ بنائیں گے جس کے بارے میں ان کا خیال ہو کہ وہ اسرائیل جا رہا ہے یا وہاں سے آ رہا ہے۔ تاہم حوثیوں نے فی الوقت اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں