اشتہار

تمہاری نوکرانی نہیں ہوں!! ائیرہوسٹس مسافر پر برس پڑی، ویڈیو وائرل

اشتہار

حیرت انگیز

مسافر طیارے میں پرواز کے دوران ائیر ہوسٹس اور جہاز کے مسافر کے درمیان ہونے والی تکرار کی ویڈیو نے سوشل میڈیا پر ہنگامہ برپا کردیا۔

عام طور پر یہ دیکھا گیا ہے کہ جہاز کے سفر کے دوران مسافر ایئرہوسٹسز کے ساتھ نامناسب رویہ اختیار کرتے ہیں اور ان کو تضحیک کا نشانہ بناتے ہیں۔

اس قسم کی حرکات کے باوجود ایئر ہوسٹس اپنے فرائض کی بخوبی انجام دہی کیلئے سب کچھ برداشت کرکے اپنے چہرے پر مسکراہٹ لیے خدمات انجام دیتی ہیں۔

- Advertisement -

ایک ایسا ہی واقعہ استنبول سے نئی دہلی جانے والی پرواز میں پیش آیا، سوشل میڈیا پر ویڈیو دیکھ کر لاکھوں صارفین نے ایئر ہوسٹس کے ساتھ بھرپور ہمدردی کا اظہار کیا۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں ایک ائیر ہوسٹس اور جہاز کے مسافر کے درمیان سخت مکالمہ ہو رہا ہے اور بات چیخنے چلانے تک پہنچ گئی۔

ہوا کچھ یوں کہ ایک مسافر نے فلائٹ کے کھانے سے متعلق شکایت کی اور ایک ائیرہوسٹس پر برس پڑا جو اسے پرواز کے دوران دیے جانے والے کھانے کے قواعد و ضوابط کے بارے میں آگاہ کررہی تھی۔

مسافر شدید غصے کے عالم میں مسلسل اونچی آواز میں بولے جارہا تھا جواب میں ائیر ہوسٹس بھی غصے میں آگئی۔ ویڈیو میں مسافر کا چہرہ دکھائی نہیں دے رہا تاہم وہاں موجود ایک اور ائیر ہوسٹس مسافر سے کہتی ہے کہ آپ کی وجہ سے میری ساتھی کو رونا پڑا، اس کے بعد دونوں جانب سے بحث شروع ہوئی اور مسافر نے اونچی اواز میں کہا کہ آپ چِلّا کیوں رہی ہیں؟ چِلّاؤ مت۔

اس پر ائیرہوسٹس نے جواب دیا کہ میں اسی وجہ سے چِلّا رہی ہوں جو آپ نے سلوک کیا، اس کے بعد مسافر کہتا ہے کہ خاموش ہو جاؤ تو جواب میں ائیر ہوسٹس بھی چیخ کر کہتی ہے کہ تم خاموش ہو جاؤ۔ اس دوران ایک اور ائیر ہوسٹس صورت حال کو سنبھالنے کی کوشش کرتی دکھائی دیتی ہے۔

پھر وہی ایئر ہوسٹس مسافر سے مخاطب ہو کر کہتی ہے کہ معذرت کے ساتھ آپ عملے کے ساتھ اس انداز میں بات نہیں کرسکتے۔ میں آپ کو مکمل احترام سے سن رہی ہوں ہم عملے کے افراد ہیں آپ کے نوکر نہیں ہیں۔

ویڈیو وائرل ہونے کے بعد ایئر لائن انڈیگو کے سی ای او نے ویڈیو کلپ میں نظر آنے والی ایئر ہوسٹس کی بھرپور حمایت کی ہے۔ ویڈیو سے متعلق ٹوئٹر پر اپنا تبصرہ کرتے ہوئے کمپنی کے سی ای او نے کہا کہ جیسا کہ میں نے پہلے بھی کہا کہ فلائٹ کا عملہ بھی عام انسان ہیں۔ میں کافی عرصے سے طیارے کے عملے کو اس طرح ذہنی تشدد اور توہین کا نشانہ بنتے دیکھتا آرہا ہوں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں