یورپی ملک سلواکیہ میں برف سے گرجا گھر (چرچ) بنایا گیا ہے جسے دیکھنے کے لیے سیاحوں اور مقامی افراد کی بڑی تعداد جوق در جوق یہاں کا رخ کر رہی ہے۔
یہ چرچ سلواکیہ کے پہاڑی سلسلے تاترا کے درمیان بنایا گیا ہے جو سلواکیہ اور پولینڈ کے درمیان قدرتی سرحد کا کام کرتا ہے۔
سطح سمندر سے 12 سو 85 میٹر بلند یہ چرچ ہر سال کسی مشہور تاریخی چرچ کی طرز پر بنایا جاتا ہے۔ رواں برس یہ روم کے تاریخی سینٹ پیٹر چرچ کی طرح بنایا گیا ہے۔
اس چرچ کی تیاری میں امریکا، ویلز، پولینڈ، چیک ری پبلک اور سلواکیہ کے 16 مجسمہ سازوں نے ایک مہینے تک روزانہ 12 گھنٹے کام کیا۔ اسے بنانے میں برف کی 18 سو 80 سلیں استعمال کی گئیں۔
چرچ کے اندر مختلف مذہبی شخصیات اور جنگلی حیات کے مجسمے بھی رکھے گئے ہیں جو برف سے ہی بنائے گئے ہیں۔
گو کہ یہاں عبادت نہیں کی جاتی تاہم یہاں آنے والوں کا کہنا ہے کہ انہیں یہاں آکر عبادت گاہ جیسا ہی سکون ملتا ہے۔
ایک شہری کا کہنا ہے کہ آس پاس خوبصورت قدرتی مناظر اور عبادت گاہ کے اندر جنگلی حیات کے مجسمے انہیں خدا سے بہت قریب کردیتے ہیں۔ ’یہاں آکر بے حد سکون اور روحانی خوشی حاصل ہوتی ہے‘۔
اتوار کے دن یہاں مقدس گھنٹیاں بھی بجائی جاتی ہیں۔
یہ چرچ ہر سال تاترا ٹورازم آرگنائزیشن کی جانب سے تیار کیا جاتا ہے جس کا مقصد سیاحوں کو اس علاقے کی طرف راغب کرنا ہے۔ چرچ میں تمام افراد کا داخلہ مفت ہے۔