کراچی کےعلاقے منگھوپیر سے ملی خاتون کی لاش کی شناخت سے متعلق اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق منگھوپیر ونگی روڈ سے ملنے والی خاتون کی لاش کی شناخت ہوگئی ہے، خاتون کا نام ممتاز بیگم جبکہ شوہر کا نام یاسر ہے، مقتولہ موتی محل گلشن اقبال کی رہائشی تھی۔
پولیس حکام نے بتایا کہ بائیو میٹرک سے خاتون کی شناخت نہیں ہوسکی تھی، لاش کے قریب سے ملنے والی سم کے باعث شناخت ڈھونڈنے میں بہت مدد ملی، حکام نے بتایا کہ سم کی مدد سے مقتولہ کی والدہ سے رابطہ ممکن ہوا، والدہ کی جانب سے پولیس کو مزید تفصیلات فراہم کی گئیں ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی میں خاتون کا قتل، بچی کی لاش کے ساتھ ویڈیو وائرل
حکام کا کہنا ہے کہ حاصل تفصیلات کی روشنی میں تحقیقات کو مزید وسیع کردیا گیا ہے قتل کی وجوہات سے متعلق پولیس کے اعلیٰ حکام میڈیا کو آگاہ کرینگے۔
واضح رہے کہ گذشتہ روز منگھوپیر ونگی گوٹھ میں پلاٹ سے خاتون کی لاش ملی تھی، خاتون کو تشدد کے بعد گولی مار کر قتل کیا گیا تھا۔
پولیس نے بتایا کہ جائے وقوعہ سے ایک بچی زندہ حالت میں ملی جو کہ خاتون کی لاش کے ساتھ بیٹھی ہوئی تھی، امدادی کارکنان نے فوری طور پر بچی کو حفاظتی تحویل میں لیکر پولیس کے حوالے کیا۔