کراچی : صوبہ سندھ میں نگراں حکومت کے قیام کے بعد اب صوبے کے آئی جی کو بھی تبدیل کردیا گیا ہے، رفعت مختار آئی جی سندھ ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے پولیس سروس آف پاکستان کے گریڈ 21 کے افسر رفعت مختار کو انسپکٹر جنرل سندھ پولیس تعینات کردیا ہے جس کا باقاعدہ بھی نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔
اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ گریڈ 21 پنجاب پولیس کے افسر رفعت مختار کو آئی جی سندھ تعینات کردیا گیا جبکہ غلام نبی میمن کو اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
اس سے قبل آئی جی سندھ رفعت مختار آر پی او فیصل آباد اور بہاولپور بھی تعینات رہے ہیں اس کے علاوہ رفعت مختار ڈی آئی جی موٹر ویز کے طور پر بھی خدمات انجام دیتے رہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل غلام نبی میمن آئی جی سندھ پولیس تعینات تھے انہیں 02 جون 2022 میں اس عہدے پر تعینات کیا گیا تھا، غلام نبی میمن ان دنوں چھٹیوں پر عمرے کی ادائیگی کے لیے گئے ہوئے ہیں۔۔
نذیر شاہ کراچی میں اے آر وائی نیوز سے وابستہ سینئر صحافی اور کرائم رپورٹر ہیں، وہ 14 سال سے زائد عرصے سے اپنے شعبے میں مصروف عمل ہیں اور انویسٹیگیٹو نیوز بریکنگ میں مہارت رکھتے ہیں، اور کراچی کے جرائم اور پولیس نظام سے متعلق گہری سمجھ بوجھ کے حامل ہیں۔



