اسلام آباد : اسلام آباد ہائی کورٹ نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں بھی سلیمان شہباز کی 14دن کی حفاظتی ضمانت منظور کرلی۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں وزیر اعظم کے صاحبزادے سلیمان شہباز کی آمدن سے زائد اثاثہ جات کے نیب ریفرنس میں حفاظتی ضمانت کی درخواست پر سماعت ہوئی۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس عامر فاروق اور جسٹس سردار اعجاز اسحاق پر مشتمل ڈویژن بینچ نے سماعت کی۔
سلیمان شہباز دوسری بار اپنے وکیل امجد پرویز کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے، درخواست گزار نے کہا کہ دو ہزار اٹھارہ میں بیرون ملک گیا۔ دو ہزار بیس میں مقدمہ بنایا گیا، منی لانڈرنگ کیس میں ایف آئی اے کا کوئی کال اپ نوٹس نہیں ملا۔
چیف جسٹس کے استفسار پر وکیل امجد پرویز نے بتایا کہ اسپیشل جج سینٹرل لاہور کی عدالت میں پیش ہونا چاہتے ہیں۔
عدالت نے دلائل سننے کے بعد وزیراعظم کے صاحبزادے کی چودہ روز کی حفاظتی ضمانت منظور کر لی اور انہیں دو ہفتے کے اندر لاہور کی متعلقہ عدالت میں پیش ہونے کا حکم دے دیا۔
اس سے پہلے اسلام آباد ہائی کورٹ نے سلیمان شہباز کی ایف آئی اے کیس میں بھی 14 روز کی حفاظتی ضمانت منظورکی تھی۔