اسلام آباد : اسلام آباد ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن کے شکور شاد کو ڈی نوٹیفائی کرنے کے حکم معطلی میں دو ہفتوں کی توسیع کردی۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں کراچی سے پی ٹی آئی ایم این شکور شاد کی استعفی منظوری کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔
کیس کی سماعت چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کی، درخواست گذار کے وکیل عرفان ناصر چیمہ، ڈپٹی اٹارنی جنرل سید احسن رضا کاظمی، ڈی ڈی لاء الیکشن کمیشن اور ڈپٹی سیکرٹری قومی اسمبلی عدالت میں پیش ہوئے۔
وکیل عرفان ناصر چیمہ نے کہا کہ ایم این اے شکور شاد کو قومی اسمبلی اجلاس میں شرکت نہیں کرنے دی جا رہی، عدالت شکور شاد کو پارلیمنٹ کے اجلاس میں شرکت کرنے کا عدالت حکم دے۔
چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ اسپیکر اور پارلیمنٹ کا بڑا احترام ہے، پارلیمنٹ اجلاس میں شرکت سے متعلق عدالت حکم نہیں دے سکتی۔
جسٹس اطہر من اللہ نے مزید کہا کہ اسپیکر صاحب شکور شاد کو بلائیں اور ان سے ان کی منشاء پوچھیں، اسپیکر شکور شاد سے پوچھیں کہ وہ سیٹ خالی کرنا چاہتے ہیں کہ نہیں۔
ڈپٹی اٹارنی جنرل نے بتایا کہ اسپیکر قومی اسمبلی کل ہی واپس آئے ہیں ، اسپیکر صاحب معاملے کو دیکھیں گے دو ہفتوں کا وقت دے دیں۔
عدالت نے الیکشن کمیشن کے شکور شاد کو ڈی نوٹیفائی کرنے کے حکم معطلی میں 2ہفتےکی توسیع کرتے ہوئے اسپیکر کو دو ہفتوں کا وقت دے دیا اور سماعت دو ہفتوں تک ملتوی کردی۔