اسلام آباد : اسلام آباد ہیلتھ کیئر ریگولیٹری اتھارٹی ٹیم نے نومولود بچی کے جھلسنے کے تین روز بعد لہتراڑ روڈ پر نجی اسپتال کا دورہ کیا، جہاں انکشاف ہوا کہ اسپتال انتظامیہ نے واقعے کے تمام شواہد کو ضائع کردیے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق نجی اسپتال میں نومولود بچی کے جھلسنے کے تین روز بعد حکومتی اداروں کو ہوش آ گیا، اسلام آباد ہیلتھ کیئر ریگولیٹری اتھارٹی ٹیم نے لہتراڑ روڈ پر نجی اسپتال کا دورہ کیا۔
ترجمان اسلام آباد ہیلتھ کیئر ریگولیٹری اتھارٹی نے بتایا کہ نجی اسپتال اسلام آباد ہیلتھ ریگولیٹری اتھارٹی کے ساتھ رجسٹرڈ نہیں ہے، دورے کے دوران ٹیم نے این آئی سی یو کا معائنہ کیا۔
اسپتال عملے کا کہنا تھا کہ وولٹج میں کمی بیشی سے این آئی سی یو کا بلب پھٹا، بلب پھٹنے سے بچی کے بے بی کارٹ میں آگ بھڑک اٹھی اور آگ لگنے سے نوزائیدہ کی دو ٹانگیں جھلس گئیں۔
اتھارٹی ترجمان نے انکشاف کیا کہ اسپتال انتظامیہ نے واقعے کے تمام شواہد کو ضائع کر چکی ہے اور نوزائیدہ کے جلے کپڑے کو وقوعہ سے ہٹا دیا گیا ہے جبکہ اسپتال کے پاس جھلسنے والی نوزائیدہ کو فرسٹ ایڈ کا ریکارڈ دستیاب نہیں تھا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ نوزائیدہ کی فائل میں ڈاکٹر اور نرسنگ نوٹس موجود نہیں تھے، نوزائیدہ کے جھلسنے کا واقعہ شام ساڑھے چار بجے پیش آیا تھا جبکہ ڈیوٹی ڈاکٹر نے چھ بجے نوزائیدہ کے جلنے کا ریکارڈ درج کیا تھا اور وقوعہ کے وقت ایک ڈاکٹر، سٹاف ممبر این آئی سی یو میں تھے۔
اتھارٹی ترجمان کے مطابق اسپتال انتظامیہ نے آتشزدگی واقعے کے بعد بہتری کیلئے اصلاحاتی اقدامات نہیں کئے اور نجی اسپتال کے این آئی سی یو کا ہائیڈرومیٹر خراب پایا گیا جبکہ آپریشن تھیٹر کی صورتحال انتہائی ناگفتہ بہ تھی۔
آپریشن تھیٹر میں غیر ضروری اشیا مائیکروویو اوون، اضافی او ٹی ٹیبل موجود تھا جبکہ آپریشن تھیٹر کی دو ماہ میں کاربولائزیشن، فیومیگیشن نہیں کی گئی، تھیٹر کا ریکارڈ بھی نامکمل تھا جبکہ تھیٹر میں صاف ، گندے کپڑے ایک جگہ موجود تھے۔
اسلام آباد ہیلتھ کیئر اتھارٹی ترجمان نے کہا کہ نجی اسپتال کے آپریشن تھیٹر کی سروسز تاحکم ثانی معطل کر دی گئی ہیں اور اسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ تاحکم ثانی آپریشن تھیٹر میں سرجری نہ کرے۔
نجی اسپتال انتظامیہ سے واقعے پر تحریری جواب طلب کرلیا گیا ہے، آئی ایچ آر اے کی جانب سے نجی اسپتال میں نومولود کے جھلسنے کی تفصیلی تحقیقات جاری ہیں، جس کی رپورٹ جلد جاری کی جائے گی۔