واشنگٹن: وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے ایک انٹرویو میں این ایف سی ایوارڈ پر نظر ثانی کرنے کا عندیہ ظاہر کر دیا ہے، ان کا کہنا تھا کہ 18 ویں ترمیم کے تناظر میں اس کا جائزہ لینے کی ضرورت ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے ترک میڈیا ٹی آر ٹی ورلڈ کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ آئی ایم ایف سے اگر قرض منظور ہوا تو این ایف سی ایوارڈ پر نظر ثانی کریں گے۔
انھوں نے کہا این ایف سی کے تحت بہت چیزیں صوبوں کو منتقل کی گئیں، اس پر صوبوں کے ساتھ بات چیت کریں گے، پنجاب اور سندھ کے وزرائے اعلیٰ سے بات چیت کی ہے، صوبائی مارکیٹس کو ٹیکس نیٹ میں لانے کی ضرورت ہے۔
وفاقی وزیر خزانہ نے کہا روپے کی قدر میں مزید کمی نہیں دیکھ رہے، پاکستان آئی ایم ایف کے طویل بیل آؤٹ پروگرام کا خواہاں ہے، نئے پروگرام کے لیے آئی ایم ایف کے ساتھ بات چیت جاری ہے۔
ملک میں معاشی استحکام کیلئےاصلاحاتی ایجنڈے پر گامزن ہیں، محمد اورنگزیب
انھوں نے کہا آئی ایم ایف مشن اسلام آباد آئے گا تو ترجیحات اور اصولوں پر متفق ہوں گے، یہ پاکستان کا پروگرام ہے، آئی ایم ایف کا نہیں، ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ آئی ایم ایف پروگرام کے حجم پر بات کرنا قبل از وقت ہے۔