تازہ ترین

بیل آؤٹ پیکج: آئی ایم ایف نے سری لنکا کو مطالبات کی فہرست تھمادی

کولمبو: عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) نے تاریخ کے بدترین مالی بحران کا شکار سری لنکا کو بیل اؤٹ پیکج دینے سے قبل مطالبات پورے کرنے کی فہرست تھمادی ہے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق آئی ایم ایف نے سری لنکن حکومت کے ساتھ گزشتہ دس روز سے جاری مذاکرات کے اختتام پر اعلامیہ جاری کردیا ہے، جس میں عالمی مالیاتی ادارے نے سری لنکن حکومت سے قرض کے حصول کیلئے ملک میں کرپشن کم کرنے، ٹیکسوں میں اضافہ اور ایندھن پر سبسڈی ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ سری لنکن حکام نے اقتصادی اصلاحات کے پروگرام کی تشکیل میں کافی پیش رفت کی ہے، تاہم انہیں مزید کام کرنے کی ضرورت ہے۔

مالیاتی ادارے کا کہنا ہے کہ سری لنکا نے ٹیکس میں کی گئی کٹوتیوں کو واپس لیا ہے اور توانائی پر بھی سبسڈیز کو کم کیا ہے، جب کہ رواں سال ایندھن کی قیمتوں میں 400 فیصد تک اضافہ ہوا ہے، لیکن انہیں مالیاتی خسارہ ٹھیک کرنے اور دور رس ٹیکس اصلاحات کی فوری ضرورت ہے۔

سری لنکن حکام کے ساتھ بیل آؤٹ پیکیج پر بات چیت جاری رکھیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: سری لنکا کی صورتحال مزید ابتر، دل دہلا دینے والی ویڈیو منظر عام پر

خیال رہے کہ سری لنکا آئی ایم ایف سے چھ ارب ڈالر کے بیل آؤٹ پیکج کیلئے مذاکرات کررہا ہے، سری لنکا کو آنے والے مہینوں میں کم از کم 6 ارب ڈالر کی ضرورت ہے تاکہ ملکی مالیات کو مستحکم کیا جا سکے۔

خیال رہے کہ سری لنکا کے پاس اس وقت ڈالرز کی شدید قلت ہے، جس کی وجہ سے انڈین  بیرون ملک سے ایندھن، خوراک اور ادویات سمیت اشیا ضروریہ خریدنے سے قاصر ہے۔

Comments

- Advertisement -