اسلام آباد: حکومت نے افغان تجارت کے فروغ کے حوالے سے اہم فیصلہ کرتے ہوئے خرلاچی سے افغانستان کیلئے برآمدات کی اجازت دے دی ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق وزارت تجارت نے کرم ایجنسی کے علاقے خرلاچی سے افغانستان اور افغانستان کے ذریعے وسطی ایشیائی ممالک کیلئے برآمدات کی اجازت دینے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے، اس ضمن میں ایکسپورٹ پالیسی آرڈر 2020میں ترمیم کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: شمالی وزیرستان میں غلام خان بارڈر بھی کھول دیا گیا
ذرائع کے مطابق اس سے قبل خرلاچی مجاز ایکسپورٹس لینڈ روٹس میں شامل نہیں تھا اور اب ایکسپورٹ پالیسی آرڈر
میں ترمیم کے بعد خرلاچی کو بھی مجاز ایکسپورٹس لینڈ روٹ میں شامل کردیا گیا ہے۔
یاد رہے رواں سال جون میں جنوبی وزیرستان میں واقع پاک افغان بارڈر انگور اڈہ گیٹ کو بھی تجارت و آمدورفت کیلئے کھول دیا گیا تھا۔