اشتہار

نون لیگ چاہتی ہے تحریک انصاف اور فوج میں لڑائی ہوجائے، عمران خان

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور : پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے مسلم لیگ نون پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ن لیگ چاہتی ہے کہ تحریک انصاف اور فوج میں لڑائی ہوجائے جبکہ ہمارا مفاد اس میں ہے کہ فوج مضبوط ہو۔

سابق وزیراعظم نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام "دی رپورٹرز” میں خصوصی انٹرویو دیا اور ملک کی سیاسی اور معاشی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کرتے ہوئے موجودہ حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔

اپنے پچھلے بیان کا ذکر کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی نے وضاحت دی کہ میں نے یہ کہا تھا کہ ملک کی خاطر میرے دروازے سب کیلئے کھلے ہیں، اس بات کو غلط طور پر لیا گیا، میں چوروں سے کبھی ہاتھ نہیں ملاؤں گا، ہم ملک دشمن نہیں ہیں، ہمیں فکر ہے کہ ملک چوروں کے ہاتھوں میں ہے، انہوں نے کہا کہ نون لیگ چاہتی ہے کہ تحریک انصاف اور فوج میں لڑائی ہوجائے جبکہ ہمارا مفاد اس میں ہے کہ پاک فوج مضبوط ہو۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت ہوتے ہوئے وہ طاقت پولیس کو کنٹرول کررہی تھی، میں پوچھتا ہوں کہ کس نے فیصلہ کیا ہے کہ عمران خان کو آنے نہیں دینا، مجھے سیکیورٹی خدشات رانا ثناءاللہ اور دیگر لوگوں سے ہیں، اگر میں آج یہ کہہ دوں کہ ان کو این آر او دے دوں گا تو مجھے لاحق سیکیورٹی کا خطرہ کم ہوجائے گا۔

موجودہ صورتحال پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں اس وقت ضیاءالحق کے زمانے جیسا خوف کا نظام بنا دیا گیا ہے سیاسی کارکنان پر ایسا ظلم کبھی نہیں دیکھا، میں سوچ بھی نہیں سکتا تھا کہ ملک میں ایسے حالات ہوں گے۔

انہوں نے بتایا کہ میرے خلاف قتل، دہشت گردی اور توہین مذہب کے الزامات کے تحت 80مقدمات درج کرادیے گئے، ان کی کوشش ہے کہ میں عدالتوں میں پھرتا رہوں اور انتخابی مہم نہ چلا پاؤں، پہلے یہ ظلم کرتے ہیں اور پھر بعد میں کوراپ کرتے ہیں، بےشرمی دیکھیں کہ ظل شاہ کے قتل کا کیس مجھ پر کیا اور چار دن بعد کہا کہ یہ حادثہ ہے۔

پی ٹی آئی کے چیئرمین نے کہا کہ مریم نواز نے نیب میں پیشی پر پتھراؤ کیا، ان لوگوں کا پھر بھی کچھ نہیں ہوا، مریم ساری جگہ کہتی پھر رہی ہے کہ عمران خان کو جیل میں ڈالو اور نوازشریف کے کیسز ختم کرو، ملک میں یہ کوئی قانون ہے یا اس ملکہ کے حکم پر ہی اسے چلنا ہے؟ مریم نواز کو ریاستی پروٹوکول مل رہا ہے اور ہمیں جلسوں کی بھی اجازت نہیں ،کیا یہ لیول پلیئنگ فیلڈ ہے؟

میرا بھی لندن میں فلیٹ تھا، نوازشریف مجھے عدالت لے کر گیا، میں نے اپنے فلیٹ سے متعلق ایک ایک دستاویزات پیش کیں اور پوری منی ٹریل دی۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں لوگ کیوں ملک کے خلاف جارہے ہیں؟ وہاں نفرتیں پھیلائی جارہی ہیں، کیوں سمجھ نہیں آرہا ہے کہ سیاسی لوگ سیٹلمنٹ کرتے ہیں، 71میں سب سے بڑی جماعت کو دیوارسے لگادیا گیا تو آخر میں کیا ہوا؟ قوم اور سیاسی جماعتیں ہی ملک کو اکٹھا رکھ سکتی ہیں،اس وقت پاکستان میں پی ٹی آئی ہی سب سے بڑی وفاقی پارٹی ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں