ہفتہ, مئی 11, 2024
اشتہار

عمران خان اور ریحام خان کے درمیان 10ماہ بعد علیحدگی کا فیصلہ

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور ریحام خان نے شادی کے 10 ماہ بعد علیحدگی کا فیصلہ کرلیا ہے.

تفصیلات کے مطابق ترجمان پی ٹی آئی نعیم الحق کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور ریحام خان میں باہمی رضا مندی سے طلاق ہوگئی ہے اور اب یہ رشتہ نہیں چل سکتا، انھوں نے میڈیا سے درخواست ہے کہ غلط فہمی پھیلانے سے گریز کیا جائے.

یاد رہے کہ تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان اور اور ان کی اہلیہ ریحام خان کے درمیان طلاق کے حوالے سے گزشتہ کئی روز سے افواہیں گردش کررہی تھیں.

- Advertisement -

نجی ٹی وی چینل کے میزبان عارف نظامی نے اپنے پروگرام میں انکشاف کیا تھا کہ عمران اور ریحام خان کے ازدواجی تعلقات انتہائی نازک موڑ تک پہنچ چکے ہیں اور میاں بیوی کے درمیان رشتہ ختم ہونے کے قریب ہے.

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور ریحام خان رواں سال 8 جنوری کو رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے، عمران خان اور ریحام خان کا نکاح مفتی سعید نے پڑھایا، حق مہر کی رقم ایک لاکھ رکھی گئی تھی، نکاح کی تقریب میں قریبی دوستوں اور رشتہ داروں نے شرکت کی، نکاح کےموقع پر بی بی سی گرل اور عمران خان نے آف وائٹ رنگ کا لباس پہنا ہوا تھا.

اس سے قبل عمران خان اور جمائمہ کے درمیان شادی کے 9 سال بعد 2004 میں طلاق ہو گئی تھی لیکن اس کے باوجود دونوں کے درمیان دوستانہ تعلقات قائم ہیں۔

عمران اور ریحام کی طلاق کی وجوہات

ذرائع کے مطابق عمران اور ریحام میں طلاق کی سب سے بڑ ی وجہ ریحام کی پارٹی امور میں مداخلت تھی.

ذرائع کا کہنا ہے کہ ہری پور کے ضمنی انتخاب کے بعد دونوں میں علیحدگی ہوگئی تھی، ریحام کی پارٹی امورمیں مداخلت پر مرکزی قیادت کا عمران خان پردباؤ تھا جبکہ این اے 122کی انتخابی مہم میں لاہور آمد پر ریحام علیم خان کے گھر ٹھہری تھیں.

ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان کی بہنیں ریحام سے شادی پر ناراض تھیں، عمران خان کی بہنوں نے شادی میں شرکت بھی نہیں کی تھی عمران خان کی بہنوں نے اپنے طور پر بھائی کیلئے دلہن دیکھ رکھی تھی لیکن عمران خان نے ریحام سے شادی کر لی، جس پر بہنیں شدید ناراض تھیں اور انہوں نے عمران خان سے ملنا جلنا بند کر دیا تھا۔

ذرائع کے مطابق عمران خان کے بیٹے بھی شادی سے خوش نہیں تھے.

ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں میں طےہواتھا 2018انتخابات تک طلاق کا نہیں بتایاجائیگا، ریحام خان کی بیرو ن ملک روانگی کے باعث خبر میٖڈیا لانا پڑی جبکہ 8 کروڑ کا چیک یا اسلام آباد میں فلیٹ ریحام کو دینا طے پایا تھا.

ریحام نے طلاق کی تصدیق کردی

ریحام خان نے اپنے ٹویٹ میں اعتراف کیا کہ راہیں جُدا ہو گئیں، طلاق کے کاغذات تیار ہورہے ہیں.

عمران خان کی بھی ریحام سے طلاق کی تصدیق

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں طلاق کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ میرے ، ریحام خان اور ہمارے خاندانوں کےلئے انتہائی تکلیف دہ لمحہ ہے، سب سے گزارش ہے نجی زندگی کے معاملات کا خیال رکھا جائے۔

اپنے ٹوئٹر پیغام میں پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کا کہنا تھا کہ وہ ریحام خان کے کردار کی حد درجہ عزت کرتے ہیں، طلاق کے معاملے پر رقم کی ادائیگی کی خبریں شرمناک اور بے بنیادہیں، انہوں نے کہا کہ ریحام خان کے دل میں پسے ہوئے طبقے کیلئے ہمدردی قابل ستائش ہے.

عمران اور ریحام کی طلاق پر ٹوئیٹر صارفین کا ردِعمل

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں