تازہ ترین

انٹرنیٹ استعمال کرنے والے پاکستانیوں کیلیے بُری خبر

اسلام آباد: انٹرنیٹ استعمال کرنے والے پاکستانیوں کیلیے بری...

بہت جلد فوج سے مذاکرات ہوں گے، شہریار آفریدی کا دعویٰ

اسلام آباد: سابق وفاقی وزیر و رہنما پاکستان تحریک...

ہم سب مل کر ٹیم پاکستان ہیں، آرمی چیف

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ...

کرپشن کے خاتمے کے بغیر ملک ترقی نہیں کرسکتا۔ عمران خان کا خطاب

فیصل آباد: چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ چھوٹے چوروں کو پکڑا جاتا ہے اوراعلی افسران کو کچھ نہیں کہا جاتا۔ کرپشن کے خاتمے کے بغیر ملک ترقی نہیں کرسکتا۔ پاکستان میں اقلیتوں اوراکثریت کے لیے ایک ہی قانون ہونا چاہیے تاکہ سب کو یکساں انصاف فراہم کیا جائے۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے فیصل آباد میں ایک بہت بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان علامہ اقبال کے عظیم خواب کی تعبیر ہے، یہ دنیا کا واحد ملک ہے جو اسلام کے نام پر وجود میں آیا تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ 47 سینٹی گریڈ درجہ حرارت ہونے کے باوجود عوام کی اتنی بڑی تعداد میں جلسے میں شرکت اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان کی تقدیر بدلنے والی ہے۔

اس موقع پر انہوں نے فیصل آباد کے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ’’ آپ نے مجھے اتنی عزت دی اس کا تہہ دل سے مشکور ہوں‘‘۔

انہوں نے کہا کہ خواتین کی بڑی تعداد نے جلسے میں شرکت کی ہے، خواتین سے گزشتہ جلسوں میں ہونے والی بے ہودہ حرکات پر معذرت کرتے ہوئے عمران خان نے وعدہ کیا کہ آئندہ آپ سے کوئی بدتمیزی نہیں کرے گا، ہم نے اس کام کے لیے خاص طور پر ٹائیگر فورس بنائی ہے، جو خواتین کو جلسوں میں تحفظ فراہم کرے گی۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں اقلیتوں اور اکثریت کے لیے ایک ہی قانون ہونا چاہیے تاکہ سب کو یکساں انصاف فراہم کیا جائے۔

ایک وقت تھا کہ فیصل آباد پاکستان کا مانچسٹر تھا، یہاں سے اشیا دنیا بھر میں ایکسپورٹ کی جاتی تھیں، مگر اب سردیوں میں گیس اور گرمیوں میں بجلی نہیں ہوتی۔ جس کی وجہ سے انڈسٹریاں بند ہورہی ہیں اور بے روزگاری بڑھ رہی ہے، جس کی وجہ سے فیصل آباد میں جرائم میں اضافہ ہورہا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ جب تک صاحبِ اقتدار کی کرپشن ختم نہیں ہوگی ملک ترقی نہیں کرسکتا، پاکستان میں لوگ اقتدار میں پیسہ بنانے آتے ہیں۔

کرپشن کی روک تھام ہوگی تو ملک کا مستقبل تابناک ہوگا، عوام کے پیسے بیرون ملک اکاؤنٹس میں منتقل کروائے گئے ہیں، تحریک انصاف پاکستانی عوام کا لوٹا ہوا پیسہ ملک میں واپس ضرور لائے گی۔

پاکستانی عوام جلد ایسا پاکستان دیکھیں گے جہاں اقلیتوں کو تحفظ فراہم کیا جائے گا، امیر غریب کے لیے ایک ہی قانون ہوگا اور کرپشن کرنے والوں کا کڑا احتساب کیا جائے گا۔

پانامہ پیپرز کے حوالے سے بات کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ’’وزیر اعظم کے خاندان نے آف شور کمپنیز بنائی ہوئی ہیں، مگر وزیر اعظم اسمبلی میں آکر جھوٹ بولا ہے‘‘۔  کسی بھی ملک کا وزیراعظم جب جھوٹ بولنا شروع کرتا ہے تو عوام اُس پر اعتبار کرنا چھوڑ دیتی ہے۔

پاکستانی قوم وزیر اعظم نواز شریف سے پوچھنا چاہتی ہے کہ ان کے پاس اتنا پیسہ کہاں سے آیا، اگر یہ پیسہ قانونی طریقے سے بنایا گیا ہے تو اس کا جواب دیا جائے، مگر اس حوالے سے وزیر اعظم اور ان کے اہل خانہ کے بیانات میں تضاد نظر آتا ہے،شریف خاندان کا ہر شخص دوسرے فرد کی بات کی نفی کرتا نظر آرہا ہے۔

اس موقع پر اسٹیج پر آویزاں اسکرین پر ایک ویڈیو بھی دکھائی گئی، انہوں نے وزیر اعظم پاکستان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’’ اگر نواز شریف کو برطانیہ کا وزیر اعظم بنا دیا جائے تو اُس ملک کی حالت بھی چند سالوں میں بدترین ہوجائے گی‘‘۔

عمران خان نے وزیر اعظم پاکستان کو مخاطب کرکے کہا کہ احتساب سب کا ہونا چاہیے مگر اس عمل کی ابتدا وزیر اعظم سے شروع ہونی چاہیے، تحریک انصاف سب کا احتساب چاہتی ہے اگر اپوزیشن نے ساتھ نہ دیا تو ہم  احتساب کے لیے جلد سڑکوں پر آنے کا اعلان کریں گے۔

ملک میں ٹیکسس بڑھائے جارہے ہیں جس کی وجہ سے ملک میں مہنگائی میں اضافہ ہوا ہے، اگر اس طرح کی کمپنیوں کے انکشافات ہوتے رہے تو عوام ٹیکس کی ادائیگی بند کردیں گے۔

جلسے کے آخر میں چیئرمین تحریک انصاف نے 23 مئی کو لاہور میں ہونے والے کسانوں کے مظاہرے میں شرکت کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف آپ کے حقوق کی جدوجہد میں آپ کے ساتھ کھڑی ہوگی


Make Nawaz UK premier and the Great Britain… by arynews

Comments

- Advertisement -