راولپنڈی: اڈیالہ جیل میں قید بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے اوورسیز پاکستانیوں کو زرمبادلہ نہ بھیجنے کی کال دے دی۔
جیل میں عمران خان سے ملاقات کے بعد ان کی ہمشیرہ نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ کل سے اوورسیز پاکستانی زرمبادلہ نہ بھیجیں کیونکہ حکومت کی نیت بات چیت کی نہیں لگ رہی۔
علیمہ خان نے قیدیوں کی رہائی، 9 مئی اور 26 نومبر پر جوڈیشل کمیشن بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ مذاکرات کے آغاز پر عمران خان اپنی کال واپس لے لیں گے۔
چند روز قبل میڈیا سے گفتگو میں علیمہ خان نے کہا تھا کہ عمران خان نے کہا ہے کہ اگر اتوار تک حکومت نے مطالبات پورے نہ کیے تو اوورسیز پاکستانیوں کو کہوں گا زرمبادلہ نہ بھیجیں۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان کیخلاف 190 ملین پاؤنڈ کیس کا فیصلہ محفوظ
’عمران خان بانی نے کہا کہ مطالبات نہ مانے تو پھر اوورسیز پاکستانیوں کو آواز دوں گا۔ اوورسیز کو ملک کا درد ہے اور وہ اس کیلیے روتے ہیں، بانی اووسیز کو کال دیں گے کہ وہ زرمبادلہ ملک بھیجنا بند کر دیں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے جوڈیشل کمیشن اور کارکنان کی رہائی کا مطالبہ کیا، ان کو آج جیل میں قید ہوئے 502 دن ہوگئے، وہ آئین و قانون کے مطابق 200 مقدمات کا سامنا کر رہے ہیں، وہ آئین و قانون کے مطابق چلتے ہیں اور لوگوں کو بھی یہی تلقین کرتے ہیں۔
عمران خان کی ہمشیرہ کا کہنا تھا کہ لگ رہا ہے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں انہیں سزا دی جائے گی جج کے رویے سے لگ رہا ہے پیر کو بانی پی ٹی آئی کو سزا دی جائے گی۔
علیمہ خانم کا کہنا تھا کہ القادر یونیورسٹی مفت تعلیم کے لیے تھی اسی کے جرم میں سزا دی جارہی ہے، کیس سے پیغام دیا گیا عوام کی بھلائی کا کام کریں گے تو سزا ملے گی۔