اسلام آباد: منتخب وزیر اعظم عمران خان آج ملک کے 22 ویں وزیراعظم کا حلف اٹھائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان صبح ساڑھےنوبجے حلف اٹھائیں گے۔ ایوان صدر میں تیاریاں مکمل ہوچکی ہیں، صدر ممنون حسین نئے وزیراعظم سے حلف لیں گے۔
واضح رہے کہ 17 اگست کو قومی اسمبلی میں قائد ایوان کا انتخاب ہوا، جس میں عمران خان اور شہباز شریف مدمقابل تھے۔
کپتان کو 176 ووٹ ملے، مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف 96 ووٹ حاصل کرسکے۔ اسپیکر کی جانب سے عمران خان کی کامیابی کا اعلان ہونے کے بعد ایوان وزیراعظم عمران خان کے نعروں سے گونج اٹھا۔
عمران خان آئندہ پانچ سال کے لیے پاکستان کے وزیراعظم متخب
عمران خان نے بہ طور منتخب وزیرا عظم اپنی پہلی تقریر میں کہا کہ سب سے پہلےاحتساب ہوگا، قوم کا مستقبل برباد کرنے والوں کو نہیں چھوڑیں گے۔
انھوں نے کہا کہ کسی ڈاکو کو این آراو نہیں ملے گا، مجھےکسی ڈکٹیٹرنے نہیں پالا، اپنے پیروں پر یہاں پہنچا۔کرکٹ کی 250 سالہ تاریخ کا واحد کپتان ہوں جونیوٹرل امپائر لایا۔
اس موقع پر انھوں نے انتخابی سسٹم کو شفاف بنانے کا وعدہ کرتے ہوئے کہا کہ مجھے کوئی بلیک میل نہیں کرسکتا۔ اپوزیشن دھرنا دینا چاہتی ہے، تو کنٹینر بھی ہم دیں گے، شہبازشریف،مولانا فضل الرحمان ایک ماہ کنٹینرمیں گزارلیں مان جائیں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی اس انتخاب سے لاتعلق رہی، عمران خان کی تقریر کے دوران اپوزیشن نے شدید احتجاج کیا۔