اسلام آباد: ادارہ شماریات پاکستان کا کہنا ہے کہ سال 2018 کے آخری مہینے میں مہنگائی میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی۔
تفصیلات کے مطابق سال 2018 کے آخری مہینے میں مہنگائی میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی، دسمبر میں افراط زر کی شرح 6اعشاریہ 1 فیصد رہی۔
ادارہ شماریات کے ڈائریکٹر پرائسز عتیق الرحمان نے مہنگائی سے متعلق بریفنگ میں بتایا کہ نومبر میں مہنگائی میں اضافے کی شرح 6 اعشاریہ 5 فیصد تھی۔
دسمبر2018 کے دوران مہنگائی کی شرح میں 0.41 فیصد کمی ہوئی، جبکہ سال 2018 کے ابتدائی 6 ماہ میں مہنگائی کی شرح 6.05 فیصد ریکارڈ کی گئی۔
سب سے زیادہ اضافہ ٹرین کے کرایوں میں 19 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔
نومبر 2018ء کے دوران مہنگائی میں 0.11 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا: ادارہ شماریات پاکستان
خیال رہے کہ نومبر 2018ء کے دوران مہنگائی میں 0.11 فیصد اضافے کے نتیجے میں رواں مالی سال 2018-19ء کے پہلے پانچ ماہ ( جولائی تا نومبر 2018ء ) کے دوران مہنگائی کی شرح 6.05 فیصد ریکارڈ کی گئی تھی۔
واضح رہے کہ ایک سال کے دوران نومبر 2017ء سے نومبر 2018ء تک مہنگائی کی شرح 6.50 فیصد رہی، اعدادوشمار کے مطابق نومبر 2017ء سے نومبر 2018ء کے دوران ایک سال میں گیس کی قیمت 143سے 85 فیصد تک مہنگی ہوئی تھی۔