اسلام آباد: حکومت کی جانب سے یکم اپریل سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ساڑھے تین روپے تک کے اضافے کا امکان ہے، آئل مارکٹنگ کمپنیوں نے پیٹرولیم مصنوعات کی سپلائی محدود کردی ہے جس کے سبب ملک میں پیٹرول بحران پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔
پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ممکنہ اضافے کی وجہ عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی بڑھتی ہوئی قیمت کو قرار دیا جارہا ہے، عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت چالیس ڈالرکے قریب ٹریڈ کررہی ہے۔
اوگرا ذرائع کے مطابق یکم اپریل سے پیٹرول دو روپے دس پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل دو روپے ستائس پیسے فی لیڑ مہنگا ہوسکتا ہے، جبکہ ہائی آکٹین تین روپےاڑتالیس پیسے، مٹی کا تیل تین روپے جبکہ لائٹ ڈیزل دو روپے اٹھانوئے پیسے فی لیڑ مہنگا ہونے کا امکان ہے۔
قیمتوں میں اضافے کے امکانات کےپیش نظرترسیلی کمپنیوں نے ملک بھر میں سپلائی محدود کردی ہے جس سے پٹرول کی قلت اور بحران کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔
ترجمان پی ایس او کا کہنا ہے کہ دیگر کمپنیوں کی جانب سے سپلائی کم ہونے کے باعث پی اس او پردباؤ بڑھ گیا ہے۔ پیٹرولیم ڈیلز کا کہنا ہے کہ آئل مارکیٹنگ کمپنیاں اپنے منافعے کے لیے پیڑول اورڈیزل ذخیرہ کررہی ہیں۔