بدھ, مئی 22, 2024
اشتہار

پاک بھارت میچ سے قبل احمد آباد کے اسپتالوں میں رش کیوں بڑھ گیا؟

اشتہار

حیرت انگیز

آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ میں جس مقابلے کا سب کو انتظار ہے وہ میچ پاکستان اور بھارت کے درمیان احمدآباد میں ہفتہ 14 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اس ہائی وولٹیج ٹاکرے سے قبل بھارتی شہر میں ہوٹل رومز کی قمیتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں اور ایک رات کا کرایہ ڈیڑھ لاکھ روپے تک طلب کیا جارہا ہے۔ اس صورتحال میں شائقین نے سستے کمرے حاصل کرنے کے لیے دلچسپ حل ڈھونڈ لیا ہے۔

کرکٹ بخار کے عروج پر ہونے کے باعث احمد آباد کے ہوٹلز میں تو کمرے نہیں مل رہے اس لیے شائقین نے اسپتالوں کے پرائیوٹ رومز بُک کروانا شروع کردیے ہیں جو کہ نہ صرف سستے ہیں بلکہ آسانی سے مل جارہے ہیں۔

- Advertisement -

بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق 14 اکتوبر کو شیڈول کرکٹ ورلڈکپ 2023 میں پاک بھارت میچ سے قبل احمد آباد کے اسپتالوں میں اچانک مریضوں کا رش بڑھ گیا ہے۔ کئی اسپتالوں میں پرائیویٹ رومز کی بکنگ کرالی گئی ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ احمد آباد کے اسپتالوں میں جو رومز بک کرائے گئے ہیں وہ روایتی حریفوں کے میچ سے قبل ایک رات کا قیام کے لیے حاصل کیے گئے ہیں کیوں کہ میچ سے پہلے ہوٹل کے کرایوں میں 20 گنا تک اضافہ ہوچکا ہے۔

ذرائع ابلاغ کے مطابق پاک بھارت میچ سے قبل اسپتالوں میں اچانک مریضوں کا رش دیکھا گیا ہے۔ ڈاکٹروں نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ چیک اَپ ’’پیکیجز‘‘ کے لیے بہت سے لوگ آرہے ہیں اور یہ سستی رہائش تلاش کرنے کا آسان آئیڈیا ہے۔

احمد آباد میڈیکل ایسوسی ایشن کے صدر تشار پٹیل کا کہنا تھا کہ ایسے واقعات پہلے بھی دیکھے گئے ہیں کہ لوگ پاک بھارت میچ دیکھنے کے لیے آتے ہیں اور اس دوران طبی معائنے اور اسپتالوں میں قیام کے لیے بھی وقت لیتے ہیں۔

احمد آباد ہاسپٹل اینڈ نرسنگ ہومز ایسوسی ایشن نے اپنے ممبران کو تنبیہ کی ہے کہ وہ ایسے شائقین کو جگہ نہ دیں۔ ایسوسی ایشن کے صدر کا کہنا ہے کہ اسپتال ایسی درخواستوں پر غور نہ کریں کیونکہ اسپتال بطور ہوٹل استعمال کے لیے نہیں ہیں۔

خیال رہے کہ پاک بھارت میچ کا شائقین کی جانب سے بے صبری سے انتظار کیا جاتا ہے۔ 29 اگست کو پہلے مرحلے میں میچ کے تمام ٹکٹس صرف ایک گھنٹے میں فروخت ہوگئے تھے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں