لاہور: تحریک انصاف کے رائے ونڈ مارچ میں بھارتی خفیہ ایجنسی را کی جانب سے دہشت گردی کا خدشہ ہے، محکمہ داخلہ پنجاب نے اس ضمن میں مراسلہ جاری کردیا۔
تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کی جانب سے کرپشن کے خلاف منعقد کیے گئے رائے ونڈ مارچ میں دہشت گردی کے ممکنہ حملے کے پیش نظر محکمہ داخلہ پنجاب نے مراسلہ جاری کردیا، جس میں کہا گیا ہے کہ بھارتی خفیہ ایجنسی را کی جانب سے ریلی کے شرکاء کو نشانہ بنایا جاسکتا ہے۔
محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری کیے گئے مراسلے میں آگاہ کیا گیا ہے کہ ’’رائے ونڈ مارچ میں دہشت گردی کے لیے بھارتی خفیہ ایجنسی را نے حملے کا منصوبہ تیار کرلیا ہے، مارچ کے دوران حملے میں دہشت گردی کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
پڑھیں: تاریخی مارچ سے مودی کو جواب دیں گے، عمران خان
صوبائی حکومت نے تحریک انصاف کی قیادت کو معاملے کی سنگینی سے آگاہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’ریلی کے دوران فول پروف سیکیورٹی کے اقدامات کیے جائیں اور انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کریں‘‘۔
مزیر پڑھیں: رائے ونڈ مارچ قوم کی تقدیر کا فیصلہ کرے گا،عمران خان
تحریک انصاف کے چیئرمین نے امید ظاہر کی ہے کہ عوام کی بڑی تعداد ریلی میں شرکت کر ے گی اور کرپٹ حکمرانوں سے نجات اور پاناما لیکس کی تحقیقات کے لیے حکمرانوں کو مجبور کرے گی۔