راولپنڈی: بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے کھوئی رتہ سیکٹر پر بلا اشتعال فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 11 شہری زخمی ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر )کے مطابق بھارتی فوج نے ایل او سی کے کھوئی رتہ سیکٹر پر بلا اشتعال فائرنگ کرتے ہوئے خواتین اور بچوں سمیت 11 شہریوں کو زخمی کردیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج کی فائرنگ سے 6 خواتین، 4 بچے زخمی ہوئے، بھارتی فوج جان بوجھ کر خواتین اور بچوں کو نشانہ بنارہی ہے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق بھارتی فوج نے جگجوٹ گاؤں میں شادی کی تقریب پر راکٹس اور مارٹرز گولے داغے۔
مزید پڑھیں: ایل او سی پر بھارتی فوج کی فائرنگ، شہری شہید
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بھارتی فوج کی فائرنگ 2003 سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی ہے، بھارتی فوج کی فائرنگ اخلاقی پستی، انسانی حقوق کی خلاف ورزی کی عکاس ہے۔
واضح رہے کہ 13 نومبر کو بھارتی فوج نے گاؤں تری بنڈ اور سماہنی میں راکٹ اور مارٹر گولے فائر کیے تھے، بھارتی فوج کی فائرنگ سے ایک شہری شہید، اور 2 خواتین سمیت 3ا فراد زخمی ہوئے تھے۔
اس سے قبل بھی بلا اشتعال فائرنگ کرتے ہوئے بھارتی افواج نے 4 پاکستانی شہریوں کو زخمی کر دیا تھا، آزاد کشمیر، سماہنی میں ایل او سی کے باگسر سیکٹر پر شہری آبادی کو نشانہ بنایا گیا تھا، زخمیوں میں 2 خواتین بھی شامل تھیں۔