آئی ایس پی آر کی طرف سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ بھارت کے لیفٹیننٹ جنرل ایس موہن نےآرمی چیف جنرل سید عاصم منیرکو خط لکھا ہے۔
تفصیلات کے مطابق آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ پاکستانی امن اہلکاروں کی پیشہ ورانہ مہارت کا بھارتی فورس کمانڈر نے بھی اعتراف کیا ہے، لیفٹیننٹ جنرل ایس موہن نے خط میں پاکستانی دستے کی پیشہ ورانہ خدمات کا اعتراف کیا۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستانی امن دستے جنوبی سوڈان میں فرائض سرانجام دینے میں مصروف ہیں، اہلکاروں کی جانب سے سوڈانی شہریوں کے تحفظ کیلئے پیچیدہ اور چیلنجنگ ماحول میں فرائض کی انجام دہی جاری ہے۔
اہلکاردن رات سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں اڑھائی لاکھ بےگھرافرادکی خدمت میں مصروف ہیں، فورس کمانڈر یونائیٹڈ مشن لیفٹیننٹ جنرل ایس موہن نے پاکستانی دستے کی پیشہ ورانہ مہارت کا اعتراف کیا۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ بھارتی فوجی افسر نے پاکستانی فوجیوں کی پیشہ ورانہ مہارت، لگن اورغیر متزلزل عزم کوسراہا، بریگیڈیئر شفقت اقبال کے بطور سیکٹر کمانڈر کردار کو خصوصی طور پر سراہا گیا۔
آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ لیفٹیننٹ کرنل شہباز اسلم کے بطور کمانڈنگ آفیسر کردار کو بھی خصوصی طور پر سراہا گیا، پاکستان امن مشنز میں ذمہ دار رکن کے طور پر اہم کردار ادا کرنے کیلئے پُرعزم ہے۔