اتوار, جون 16, 2024
اشتہار

’پاکستانی کھلاڑیوں کے سامنے ’’جے شری رام‘‘ کے نعرے لگانا ناقابل قبول ہے‘

اشتہار

حیرت انگیز

بھارتی ریاست تامل ناڈو کے وزیر ادئے اسٹالن نے پاکستانی کھلاڑیوں کے سامنے بھارتی انتہا پسند شائقین کرکٹ کی جانب سے جے شری رام کے نعرے لگانے کو ناقابل قبول اور شرمناک عمل قرار دیا ہے۔

دو روز قبل احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں پاک بھارت ٹاکرے کے دوران محمد رضوان جب آؤٹ ہوکر پویلین واپس جا رہے تھے کہ وہاں موجود انتہا پسند متعصب ہندو شائقین کرکٹ نے انہیں دیکھتے ہی جے شری رام کے نعرے لگانا شروع کر دیے۔

اس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ متعصب بھارتی شائقین محمد رضوان کے قریب آتے ہی جے شری رام کے نعرے لگاتے ہیں لیکن اس موقع پر محمد رضوان صبر وتحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے وہاں سے گزر جاتے ہیں۔

- Advertisement -

اس شرمناک عمل کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوتے ہیں ہر طبقہ فکر کے افراد اس عمل کی سخت مذمت کر رہے ہیں۔ بھارتی ریاست تامل ناڈو کے وزیر کھیل اور امور نوجوانان ادئے اسٹالن نے پاکستانی کھلاڑیوں کے سامنے جے شری رام کے نعرے لگانے والے ہجوم پر تنقید کرتے ہوئے اسے نا قابل قبول اور شرمناک عمل قرار دیا ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر ریاستی وزیر نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ بھارت ہندوستان اپنے کھیل اور مہمان نوازی کے لیے مشہور ہے۔ تاہم نریندر مودی اسٹیڈیم میں پاکستانی کھلاڑیوں کے ساتھ جو سلوک کیا گیا وہ ناقابل قبول ہے۔

کھیلوں کو قوموں کو متحد کرنے اور حقیقی بھائی چارے کو فروغ دینا چاہیے۔ نفرت پھیلانے کے لیے اسے ایک ہتھیار کے طور پر استعمال کرنا درست نہیں ہے۔

ادئے ندھی اسٹالن کے بیان کی حمایت میں تمل ناڈو میں بہت سے کرکٹ شائقین نے اگلے دس دنوں میں چیپاک میں کھیلنے والی پاکستانی کرکٹ ٹیم سے محبت اور احترام کا مظاہرہ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

لکشمی نامی ایک مداح نے اپنی فیس بک پوسٹ میں کہا کہ پاکستان اگلے 10 دنوں میں چیپاک میں دو میچ کھیل رہا ہے اور ہمیں بابر اعظم اور ٹیم نے احمد آباد میں جو کچھ برداشت کیا اس کا ازالہ کرنا چاہیے۔ کھیل عالمی بھائی چارے کے لیے ہیں اور کچھ لوگ اسے نفرت پھیلانے کی جگہ بنا رہے ہیں جو کہ ناقابل قبول ہے۔

مودی اسٹیڈیم میں بھارتی شائقین نے بدتمیزی کی حدیں پار کر دیں

واضح رہے کہ ہفتے کے روز بھارت کے یک طرفہ مقابلے میں پاکستان کو سات وکٹوں سے شکست دینے کے بعد شائقین نے ‘وندے ماترم’ گایا تھا جب کہ پاکستان کے کپتان اور دنیا کے بہترین بلے بازوں میں سے ایک بابر اعظم جب روہت شرما کے ساتھ ٹاس کے لیے باہر آئے تب بھی شائقین نے ان پر ہوٹنگ کی تھی۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں