اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے ذرائع نے کہا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف کے ساتھ پیپلز پارٹی وفد کی ملاقات پی پی ہی کی درخواست پر ہوئی تھی۔
ذرائع پیپلز پارٹی کے مطابق پی پی نے وزیر اعظم شہباز شریف سے آئندہ بجٹ کے سلسلے میں ملاقات کی درخواست کی تھی، اور ان سے عوام دوست بجٹ دینے کا مطالبہ کیا۔
ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم نے پیپلز پارٹی وفد کو آئندہ وفاقی بجٹ پر بریفنگ دی، جب کہ پی پی نے وفاقی بجٹ سے متعلق اپنے مطالبات پیش کیے، اس ملاقات میں پیپلز پارٹی نے سندھ کا مقدمہ لڑا، اور مطالبہ کیا کہ وفاقی بجٹ میں سندھ کے لیے مختص فنڈ بڑھایا جائے۔
پیپلز پارٹی نے بجٹ میں سندھ کے ترقیاتی منصوبوں کی تعداد بڑھانے، اور سندھ سیلاب متاثرین کے لیے فنڈز مختص کرنے کا مطالبہ کیا، پی پی کا مؤقف تھا کہ گزشتہ سال سیلاب متاثرین کے لیے فنڈز کم رکھے گئے تھے۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نے پیپلز پارٹی کے وفد کو مطالبات پر مشاورت کی یقین دہانی کرائی۔