اشتہار

روس میں طالبان اورافغان اپوزیشن کی ملاقات شروع

اشتہار

حیرت انگیز

ماسکو: افغان طالبان اورافغان اپوزیشن اتحاد کا دوروزہ مذاکراتی دور آج سے روس میں شروع ہوگیا ہے، سابق افغان صدر حامد کرزئی اپوزیشن وفد کی قیادت کررہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق افغان طالبا ن اور افغان اپوزیشن رہنما آج اور کل روس کے پریذیڈنٹ ہوٹل میں افغانستان میں پائیدارامن کے لیے ملاقات کریں گے، یہ ملاقات افغان مفاہمتی عمل کا حصہ بتائی جارہی ہے۔

روس نے ان سرکاری سطح پر ان مذاکرات سے کسی بھی قسم کی وابستگی سے انکارکیا ہے، بتایا جارہا ہے کہ یہ ملاقات روس میں مقیم افغان تارکین وطن کی جانب سے منعقد کی گئی ہے۔

- Advertisement -

طالبان قطرآفس کے ترجمان سہیل شاہین نے تصدیق کی ہے کہ افغان طالبان کی جانب سے وفد کی قیادت شیر محمدعباس ستانکذئی کررہے ہیں۔

دوسری جانب افغان صدراشرف غنی کے مشیر فضل فضلے نے اپوزیشن رہنماؤں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ لوگ طالبان سے مذاکرات کرکے صرف طاقت حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ملک میں ماضی میں حکومت کرنے والے موجودہ حکومتی پالیسی کے برخلاف اقدامات کررہے ہیں، اورطاقت سے دور ہورہے ہیں۔

یاد رہے کہ دس دن قبل قطر میں افغان طالبان سے مذاکرات کے بعد امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغانستان زلمے خلیل زاد نے کہا تھا کہ مذاکرات کا حالیہ دور گزشتہ ادوار سے بہت اچھا رہا، بات چیت کا تسلسل جاری رکھتے ہوئے جلد مذاکرات کا آغاز کریں گے۔

زلمے خلیل زاد نے یہ بھی کہا تھا کہ ابھی مکمل اتفاق نہیں ہوا، کچھ معاملات باقی ہیں، جب تک سب باتوں پر اتفاق نہیں ہو جاتا کچھ بھی منظور نہیں ہوگا۔

گذشتہ روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ افغانستان میں اگر دوبارہ مسائل نے سر اٹھایا تو اس سے نمٹنے کے لیے انٹیلی جنس رکھیں گے، طالبان امن چاہتے ہیں، وہ تھک چکے ہیں، دراصل ہم سب ہی تھک چکے ہیں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں