کراچی : ڈیفنس خیابان نشاط کمرشل میں بگٹی قبیلے کے دوگروپوں کے درمیان مسلح تصادم کی تحقیقات میں اہم انکشاف سامنے آیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کےعلاقے ڈیفنس خیابان نشاط کمرشل پر رات میں بگٹی قبیلے کے دوگروپوں کے درمیان مسلح تصادم کے واقعے کی تحقیقات جاری ہے۔
واقعے کی تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ تصادم میں استعمال ہونے والی ایک ڈبل کیبن گاڑی پر نمبر پلیٹ جعلی نکلی اور دوسرے پر نمبر ہی نہیں تھا جبکہ دونوں گاڑیوں پر دونوں جانب سے فائرنگ کے نشانات موجود ہے۔
یاد رہے کراچی میں دو گروپوں کے درمیان فائرنگ کے نتیجے میں پانچ افراد جاں بحق ہوگئے تھے، جن کی شناخت میرمیثم بگٹی، میرعیسیٰ بگٹی اورعلی بگٹی،فہد بگٹی اورنصیب اللہ کےناموں سے ہوئی جبکہ دو افراد زخمی ہوئے جن کی شناخت میر علی حیدر بگٹی اور قائم علی کے نام سے ہوئی ہے۔
ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا کا کہنا تھا کہ ہلاک شدگان کا تعلق بگٹی خاندان سے ہے اورآپس میں کزن ہیں۔
اسد رضا نے بتایا تھا کہ ڈیفنس کے مختلف علاقوں سے 12 افراد کو حراست میں لیا گیا، زیر حراست افراد کا تعلق دونوں گروپوں سے ہے جن کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔
وزیر داخلہ سندھ ضیاءالحسن لنجار نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی کراچی سے تفصیلات طلب کرلی ہے۔