ہفتہ, مئی 18, 2024
اشتہار

غیر ملکی ریسرچ جرنل کی حالیہ اشاعت پاکستانی سائنس دان کے نام

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: معروف غیر ملکی ریسرچ جرنل ’فرنٹیئرز اِن فارماکولوجی‘ نے اپنی حالیہ اشاعت بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس) جامعہ کراچی کے سربراہ اور کامسٹیک کے کوآرڈینیٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری کے نام سے موسوم کی ہے۔

مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم کے ترجمان کے مطابق غیر ملکی ریسرچ جرنل نے پروفیسر اقبال چوہدری کو یہ اعزاز اُن کی بائیو آرگینک اور نیچرل پروڈکٹ کیمسٹری میں گراں قدر خدمات انجام دینے کے اعتراف میں دیا ہے۔

سوئٹزرلینڈ میں قائم ریسرچ جرنل کی اشاعت کا ادارہ ’فرنٹیئرز‘ دنیا بھر میں چھٹے نمبر کا بڑا اشاعتی ادارہ ہے، پروفیسر اقبال چوہدری آئی سی سی بی ایس کے تحت ڈاکٹر پنجوانی سینٹر برائے مالیکیولر میڈیسن اور ڈرگ ریسرچ (پی سی ایم ڈی) اور ایچ ای جے ریسرچ انسٹی ٹیوٹ آف کیمسٹری جیسے معروف تحقیقی اداروں کی سربراہی کے فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔

- Advertisement -

پروفیسر اقبال چوہدری نے آرگینک اور بائیو آرگینک کیمسٹری کے شعبے میں گراں قدر خدمات انجام دی ہیں، اس ضمن میں ان کے تقریباً 1175 سائنسی مقالات بین الاقوامی سطح پر شائع ہو چکے ہیں، امریکا اور یورپ میں ان کی تحریر کردہ یا تدوین کردہ 76 کتب شائع ہو چکی ہیں، اس کے علاوہ 40 انٹرنیشنل اور یو ایس پیٹنٹس بھی قابل ذکر ہیں۔

ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری کیمیا سے متعلق متعدد غیر ملکی کتب و جرائد کے مدیر ہیں، اس کے علاوہ اب تک 100 ملکی و غیر ملکی اسکالر ان کی نگرانی میں اپنا پی ایچ ڈی مکمل کر چکے ہیں۔ بین الاقوامی اعزازات کے حامل ہونے کے ساتھ ساتھ ان کو حکومتِ پاکستان کی جانب سے تمغہ امتیاز، ستارہ امتیازاور ہلالِ امتیاز بھی عطا کیا جا چکا ہے۔

شیخ الجامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی اور سابق وفاقی وزیر برائے سائنس اور ٹیکنالوجی اور سرپرستِ اعلیٰ بین الاقوامی مرکز پروفیسر ڈاکٹر عطا الرحمن نے پروفیسر اقبال چوہدری کو ان کی اس کامیابی پر مبارک باد دی۔

Comments

اہم ترین

انور خان
انور خان
انور خان اے آر وائی نیوز کراچی کے لیے صحت، تعلیم اور شہری مسائل پر مبنی خبریں دیتے ہیں

مزید خبریں