تل ابیب: اسرائیلی وزیر دفاع کو توقع ہے کہ اسرائیل پر ایران کا حملہ بڑے پیمانے کا ہوگا۔
الجزیرہ کے مطابق امریکی خبر رساں ادارے ایگزئیس نے اتوار کو اپنی ایک رپورٹ میں بتایا کہ اسرائیلی وزیر دفاع یوو گیلنٹ ایران سے ایک بڑے پیمانے پر حملے کی توقع کر رہے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق یوو گیلنٹ نے امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن سے فون پر بات کرتے ہوئے انھیں بتایا کہ ایرانی فوجی تیاریوں سے پتا چلتا ہے کہ تہران اسرائیل پر بڑے پیمانے پر حملے کے لیے تیار ہو رہا ہے۔
انھوں نے مزید کہا کہ اسرائیلی انٹیلیجنس کمیونٹی کا تازہ ترین تجزیہ یہ ہے کہ حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کے قتل پر ایران کی طرف سے جوابی حملہ کیا جائے گا۔
اسرائیلی فوج نے خان یونس میں تیسرا بڑا آپریشن شروع کر دیا
دوسری طرف غیر ملکی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے امریکا کے کہنے پر اسماعیل ہنیہ کا بدلہ لینے کے لیے اسرائیل پر حملے کی کارروائی روک دی ہے، کویتی اخبار الجریدہ کے مطابق نومنتخب ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے ایران کے رہبر اعلیٰ خامنہ ای کو اسرائیل کے خلاف جوابی کارروائی 2 ہفتوں کے لیے روکنے پر قائل کر لیا ہے۔
امریکی قیادت نے ایران کو پیغام دیا تھا کہ وہ اسرائیل کے خلاف کم از کم دو ہفتوں کے لیے جوابی کارروائی ملتوی کرے، جس پر ایران نے امریکی مطالبے سے اتفاق کیا۔