اسلام آباد : ایران نے پاکستانی کینو کی درآمد پر عائد پابندی عارضی طور پر ختم کردی، ایران میں پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے وفاقی وزارت تجارت کو مطلع کر دیا گیا ہے۔
ایران نے پاکستان سے کینو کی درآمد پر عائد پابندی 21روز کے لیے ختم کردی ہے، ایران میں پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے وفاقی وزارت تجارت کو مطلع کیا گیا ہے کہ ایرانی حکام نے پاکستان سے کینو کی مشروط درآمد کی اجازت دے دی ہے۔
ایرانی حکام کے مطابق پاکستانی کینو صرف زمینی راستے سے ایرانی صوبے سیستان وبلوچستان کی منڈیوں کے لیے درآمد کیا جائے گا یہ سہولت عارضی طور پر 20اپریل تک کے لیے دی گئی ہے۔
پاکستان فروٹ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے سرپرست اعلیٰ چیئرمین وحید احمد نے کہا ہے کہ ایرانی حکام کی جانب سے پاکستانی کینو پر گزشتہ 6سال سے پابندی عائد ہے۔ اس کے برعکس ایرانی پھل اور دیگر مصنوعات پاکستانی منڈیوں میں قانونی اور غیرقانونی دونوں طریقوں سے بھرپور مقدار میں لائی جارہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عارضی اجازت ایسے وقت میں دی گئی ہے جب پاکستان میں کینو کا سیزن ختم ہورہا ہے، ایران پاکستانی کینو کی 70سے 80ہزار ٹن کی مارکیٹ بن سکتی ہے تاہم اس کے لیے پابندی کے مکمل طور پر خاتمے اور زمینی راستے کے علاوہ سمندری راستے بھی برآمد کی اجازت لازمی ہے۔