تازہ ترین

ایرانی صدر کا سعودی ولی عہد سے رابطہ، اہم فیصلے پر اتفاق

حماس اور اسرائیل کے درمیان جاری جنگ کے دوران ایران کے صدر ابراہیم رئیسی کا سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے پہلا ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق چین کی جانب سے تہران اور ریاض کے درمیان امن سمجھوتے کے بعد ایرانی صدر اور محمد بن سلمان کا یہ پہلا رابطہ ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ فلسطینیوں کیخلاف جنگی جرائم کا سلسلہ اب ختم ہونا چاہئے۔

دوسری جانب ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے غزہ میں معصوم فلسطینیوں پر اسرائیل کے وحشیانہ حملوں کو ’قتلِ عام‘ کے مترادف قرار دے دیا۔

رجب طیب اردوان نے پارلیمنٹ میں اپنے جماعت کے ارکان سے خطاب میں کہا کہ حماس کے حملے کے جواب میں غزہ پر اسرائیل کی بمباری ’قتلِ عام‘ ہے۔

ترکیہ صدر نے کہا کہ جنگ کی بھی اخلاقیات ہوتی ہیں اور اسرائیلی حملے ان کی خلاف ورزی ہے، لوگوں کو ان کی بنیادی ضروریات کو پورا کرنے سے روکنا اور گھروں پر بمباری کرنا جنگ نہیں ہے بلکہ قتلِ عام ہے۔

خیال رہے کہ ترکیہ ہمیشہ فلسطینیوں کی حمایت میں سامنے آتا رہا ہے اور یورپی یونین اور امریکا کی طرح حماس کو دہشتگرد تنظیم قرار نہیں دیتا۔

Comments

- Advertisement -