نیویارک : سپلائی متاثر ہونے کے خدشے پر عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت ایک ہفتے کی بلند ترین سطح پر آگئی جبکہ بین القوامی منڈیوں میں سونے کی قیمت کو بھی پر لگ گئے۔
ٹرمپ حکومت کی جانب سے ایران پر معاشی پابندیاں عائد کر دی گئیں ہیں، امریکہ نے ایران کی بارہ کمپنیوں پر یہ پابندیاں عائد کی ہیں، امریکی پابندیوں کے اعلان کے بعد عالمی منڈیوں میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ دیکھا جارہا ہے۔
سعودی عرب نے بھی اپنے تمام خریداروں کیلئے خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان کیا ہے ۔
رواں ہفتے میں امریکی خام تیل کی قیمت میں ایک اعشاریہ دو فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، امریکی خام تیل کی قیمت تیرپن ڈالر تیراسی سینٹ فی بیرل ہوگئی۔ نارتھ برینٹ خام تیل کی قیمت چھپن ڈالر اکیاسی سینٹس ہوگئی ہے۔
مزید پڑھیں : امریکہ نے ایران پرمزید نئی پابندیاں عائد کردیں
دوسری جانب سونے کی قیمت بھی گیارہ ہفتے کی بلند ترین سطح پر آگئی ہے۔
یاد رہے کہ امریکہ نے ایران کے حالیہ بیلسٹک میزائل تجربے کے بعد اس پر مزید پابندیاں عائد کر دی ہیں، ایران کی تیرہ شخصیات اور بارہ کمپنیاں بھی اس پابندی کی زد میں آ گئیں ہیں۔