حماس چیف یحییٰ سنوار کی تلاش کے لیے اسرائیل امریکا کی خفیہ کوششیں امریکی اخبار نے افشا کر دیں، ایک بار عین وقت پر وہ نکل گئے تھے اور ان کی کافی بھی اسرائیلی فوج کو گرم ملی۔
امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کے مطابق جدید ترین ٹیکنالوجی کی مدد سے یحییٰ سنوار کی تلاش جاری ہے، تلا ش کے لیے زمین میں سرایت کرنے والے ریڈارز کا استعمال بھی کیا گیا ہے۔
غزہ جنگ کے آغاز میں یحییٰ سنوار الیکٹرانک پیغامات بھیجا کرتے تھے، پھر اسے ترک کر دیا، بجلی کی قلت کے سبب یحییٰ سنوار نے موبائل فون کا استعمال چھوڑ دیا تھا، جس پر اسرائیل نے غزہ میں پھر ایندھن کی سپلائی دی تاکہ سنوار پھر موبائل استعمال کریں، لیکن ایسا نہ ہو سکا۔
جنگ کے آغاز میں اسرائیل یحییٰ سنوار کی سرنگ تک پہنچ گیا تھا، تاہم چھاپے سے محض چند لمحوں پہلے یحییٰ سنوار وہاں سے نکل گئے تھے۔ اخبار کے مطابق یہ سب اتنا جلد تھا کہ سنوار 10 لاکھ ڈالرز سرنگ میں چھوڑ گئے تھے، یہاں تک کہ صہیونی اہلکاروں کو سنوار کی کافی بھی گرم ملی۔