بےلگام اسرائیل نے ایک بار پھر لبنان پر بڑا حملہ کیا ہے جس میں جانی نقصان کی اطلاعات ہیں۔
خبر ایجنسی کے مطابق اسرائیلی طیاروں نے دارالحکومت بیروت کے جنوبی مضافات پر بمباری کی ہے۔ اسرائیلی طیاروں نےسرحدی علاقوں میں بمباری کی جس کے نتیجے میں کئی افراد کے جاں بحق ہونے کا خدشہ ہے۔
اسرائیلی حملوں کے جواب میں حزب اللہ نے حیفہ شہر میں اسرائیلی اڈے پر میزائل حملہ کیا ہے۔ الجزیرہ کے مطابق لبنان سے اسرائیلی علاقے میں 5 پروجیکٹائل فائر کیےگئے اور حزب اللہ کے جوابی حملے میں ایک اسرائیلی فوجی زخمی ہوا ہے۔
لبنان میں گزشتہ ہفتے حزب اللہ کے زیر استعمال پیجرز اور واکی ٹاکی دھماکوں کے بعد صہیونی ریاست نے فضائی حملوں کے ذریعے آگ کی برسات کر دی جس کے نتیجے میں 500 کے لگ بھگ افراد جاں بحق جب کہ ایک ہزار سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔
لبنان میں اسرائیل کی جانب سے خون کی ہولی کھیلے جانے کے بعد لاکھوں لبنانی اپنے گھر بار چھوڑ کر محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کے لیے ہجرت کرنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔
اس حوالے سے ترجمان اقوام متحدہ پناہ گزین ادارے کا کہنا ہے کہ لبنان میں لاکھوں افراد ہجرت کرچکے ہیں۔