غزہ: اسرائیلی فورسز نے 7 اکتوبر سے اب تک 98 فلسطینی صحافی حراست میں لیے ہیں۔
الجزیرہ کے مطابق فلسطینی قیدیوں کی سوسائٹی (پی پی ایس) نے کہا ہے کہ غزہ میں اسرائیلی جارحیت شروع ہونے کے بعد سے صہیونی فورسز نے 98 صحافیوں کو گرفتار کیا ہے، جن میں سے 52 بدستور اسرائیلی حراست میں ہیں۔
پی پی ایس کے مطابق اس تعداد میں غزہ کی پٹی کے 17 صحافی بھی شامل ہیں، جن میں سے 2 کو جبری طور پر غائب کر دیا گیا ہے، جن کی شناخت ندال الواحدی اور ہیثم عبدالواحد کے نام سے کی گئی ہے۔
زیر حراست 52 میں سے تقریباً 15 فلسطینی صحافی انتظامی حراست میں ہیں، یعنی انھیں بغیر کسی الزام یا مقدمے کے قید میں رکھا گیا ہے۔ سوسائٹی کا کہنا ہے کہ حال ہی میں مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر طولکرم سے تعلق رکھنے والے فوٹو جرنلسٹ حازم ناصر کو بھی انتظامی حراست میں رکھا گیا ہے۔
’’مزید قیدی تابوتوں میں اسرائیل واپس جائیں گے‘‘
عالمی میڈیا پر نظر رکھنے والے ادارے رپورٹرز ودآؤٹ بارڈرز نے کہا ہے کہ اسرائیلی فورسز نے 7 اکتوبر سے اب تک غزہ میں 130 سے زائد فلسطینی صحافیوں اور میڈیا ورکرز کو قتل کیا ہے، ان میں سے کم از کم 30 اپنے کام کے دوران مارے گئے۔