اسرائیل غزہ کو قبرستان میں تبدیل کرنے کے بعد لبنان میں خون کی ہولی کھیلنے میں مصروف ہوگیا، لبنان کی شہری آبادیوں پر ہزاروں میزائل داغ دیئے گئے، شہادتوں کی تعداد 570 سے تجاوز کرگئی، 2 ہزار سے زائد زخمی ہوچکے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق لبنان پر کئے گئے تازہ حملے میں حزب اللہ کے اہم کمانڈر ابراہیم قبیسی شہید ہوگئے جبکہ اسرائیلی بمباری سے محفوظ رہنے کے لئے سینکڑوں لبنانی شہری شام میں داخل ہوگئے۔
لبنان پر لائیو ٹی وی شو میں شریک ایک صحافی بھی میزائل حملے کا نشانہ بن کر زخمی ہوگئے، اسرائیلی حملوں کے پیش نظر لبنان میں تعلیمی اداروں کو بھی ایک ہفتے کے لئے بند کردیا گیا ہے۔
دوسری جانب لبنانی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ نے بھی جوابی کارروائی کرتے ہوئے اسرائیل پر راکٹوں کی برسات کردی۔حزب اللہ کی جانب سے متعدد فوجی اہداف کو نشانہ بنانے کا دعویٰ سامنے آرہا ہے، جبکہ عراقی مزاحمتی تنظیم نے بھی جولان کی پہاڑیوں کو نشانہ بنایا ہے۔
ایرانی صدر مسعود پزیشکیان کا اہم بیان سامنے آگیا
بڑھتی ہوئی کشیدگی کے دوران کئی ممالک کی ائیر لائنز نے تل ابیب اور بیروت کیلئے پروازیں بند کردی ہیں جبکہ امریکا اور چین اپنے شہریوں کو لبنان سے نکلنے کا کہہ چکے ہیں۔