کراچی : کویت سے پاکستان کے لیے جزیرہ ایئرویز نیو کی جانب سے سروس کا آغاز کر دیا گیا ہے، نئی ائیر لائن کی پہلی پرواز پاکستان لینڈ کرگئی۔
جزیرہ ایئرویز نیو کی کویت سے پہلی پرواز جے9511 ایک سو63مسافروں کو لے کر صبح ساڑھے چار بجے پاکستان پہنچی، اسلام آباد ایئرپورٹ پر سی اے اے حکام نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
جزیرہ ایئرویز نیو پہلی پرواز کی آمد کے موقع پر ایئرپورٹ لاؤنج میں تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں اسٹاف ممبران کیلئے کیک کاٹا گیا۔
سی اے اے ذرائع کے مطابق جزیرہ ایئرویز نیو ہفتہ میں دو پروازیں کویت سے اسلام آباد کے لیے آپریٹ کرے گی، اسلام آباد کے بعد کراچی، لاہور کے لیے بھی سروس کا آغاز کیا جائے گا۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق جزیرہ ایئرویز نیو کی جانب سے جدید اے-320 طیارے آپریشن میں استعمال کیے جائیں گے، نئی ایئر لائن کی آمد سے مقابلے کا رجحان اور بہتر سفری سہولیات مسافروں کو فراہم ہوں گی۔
سی اے اے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پاکستان میں ٹریول اینڈ ٹوررز کے لیے بہتر مواقع موجود ہیں، ہم نئی ایئر لائنز کا خیرمقدم کرتے ہیں، نئی ائیر لائن کو تمام تر سہولیات فراہم کی جائینگی۔