اتوار, مئی 11, 2025
اشتہار

جماعت اسلامی کا بلدیاتی انتخابات کے التوا کیخلاف عدالت جانے کا اعلان

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: جماعت اسلامی کراچی نے الیکشن کمیشن کی جانب سے کراچی اور حیدر آباد میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کے فیصلے کے خلاف عدالت جانے کا اعلان کر دیا ہے۔

امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ آج الیکشن کمیشن نے سندھ حکومت کی ایما پر شرمناک فیصلہ کیا، کراچی کے تین کروڑ سے زائد عوام کے حقوق پر ڈاکا ڈالا ہے، الیکشن کمیشن کے اس عمل کی مذمت کرتے ہیں، جمہوری حق استعمال کرتے ہوئے عوامی مزاحمت کریں گے اور فیصلے کے خلاف عدالت میں بھی جائیں گے۔

مزید پڑھیں: کراچی میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کردیے گئے

حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا: ’کراچی کا وہ کون سا پولنگ اسٹیشن ہے جہاں کام نہیں ہو سکتا، محکمہ موسمیات کے مطابق 27 اور 28 اگست کو کوئی بارش نہیں ہے، ڈھائی سال کا عرصہ گزر چکا لیکن پیپلز پارٹی انتخابات نہیں کروا رہی، کراچی کے بلدیاتی انتخابات کرانے کے لیے بھی جماعت اسلامی پٹیشنر بنی تھی‘۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن اور سندھ حکومت سب کراچی کے حقوق پر ڈاکا ڈال رہے ہیں، لاکھوں اور اربوں روپے صفائی کے فنڈز کے کھا گئے لیکن کوئی پوچھنے والا نہیں، شہری پُرامید تھے کہ جماعت اسلامی کا مئیر آئے گا تو شہر میں ترقیاتی کام ہوں گے۔

مزید پڑھیں: حافظ نعیم الرحمٰن لوڈشیڈنگ کرنے پر کے الیکٹرک کیخلاف پھٹ پڑے

جماعت اسلامی کراچی کے امیر نے مزید کہا کہ سندھ حکومت بتائے اندرون سندھ میں سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کے لیے کیا کیا؟ پیپلز پارٹی بلدیاتی انتخابات میں فسطائیت کا شکار نظر آ رہی ہے، آج شام شاہراہ قائدین پر احتجاجی دھرنا دیں گے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں