تازہ ترین

لینن کے البم Double Fantasy کا کور!

دنیا بھر کے کروڑوں شیدائیوں کے محبوب گلوکار، جان لینن کی زندگی شعلۂ مستعجل کے مانند بھڑکی اور آن کی آن میں بجھ گئی۔ وہ صرف چالیس کا تھا جب اسے سفاکی کے ساتھ قتل کر دیا گیا۔

8 ستمبر 1980 کو شام پانچ بجے وہ اپنی بیوی کے ساتھ ریاست ڈکوٹا میں واقع اپنے اپارٹمنٹ سے ریکارڈنگ اسٹوڈیو جانے کے لیے باہر نکلا۔ راستے میں آٹو گراف کے خواہش مندوں نے انہیں گھیر لیا۔ ان میں وہ آدمی مارک ڈیوڈ چیپ مین بھی تھا جس کے ہاتھ اس کے خون سے رنگنے والے تھے۔

اس نے آٹو گراف حاصل کرنے کے لیے لینن کی مشہور البم Double Fantasy کا کور آگے بڑھایا جس پر لینن نے دستخط کر دیے۔

جان اور یوکو چند گھنٹے بعد ریکارڈنگ اسٹوڈیو سے فارغ ہوکر واپس آئے اور کار سے اترے تو چیپ مین وہاں موجود تھا۔ اس نے لینن کو پکارا۔

”مسٹر لینن…“ پھر اس نے اپنے پستول کی چار گولیاں لینن کے جسم میں اتاردیں۔ پولیس پہنچی تو چیپ مین بڑے سکون کے عالم میں اپنی جگہ کھڑا ہوا تھا، البتہ اس نے اپنا پستول نیچے پھینک دیا تھا۔ تمام ریڈیو اور ٹی وی اسٹیشنوں نے معمول کے پروگرام روک کر جان لینن کے انتقال کی خبر نشر کی۔

یوکو اونو نے اپیل جاری کی، ”جان بنی نوع انسان سے محبت کرتا تھا۔ براہِ کرم، آپ بھی اس سے محبت کا اظہار کریں۔“

14 دسمبر کو دنیا بھر میں جان لینن کے کروڑوں مداحوں نے اس کی یاد میں سَر جھکا کر اسے نذرانہ محبت پیش کیا۔

(ممتاز شاعر، ادیب اور سینئر صحافی احفاظ الرّحمٰن کی کتاب ”جنگ جاری رہے گی“ سے ایک ورق)

Comments

- Advertisement -