چند سال قبل ہالی ووڈ کے مشہور امریکی اداکار، جونی ڈیپ نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے متعلق معنیٰ خیز انداز میں ایسے سوال کیے کہ انھیں تنقید کا سامنا تو کرنا ہی پڑا، مگر وہ خود بھی ان سوالات کی وجہ سے قانونی طور پر مشکل میں پھنس سکتے تھے۔
اس امریکی اداکار، پروڈیوسر اور موسیقار نے دراصل ماضی کے ایک اسٹیج اداکار جان ولکس بوتھ کی یاد تازہ کرتے ہوئے ٹرمپ کی حکومتی پالیسیوں اور اقدامات سے بیزاری اور نفرت کا اظہار کیا تھا، جس کے لیے ان کا انداز شدید اور جارحانہ تھا۔
کیا آپ جانتے ہیں کہ جان ولکس بوتھ کون تھا؟
یہ ایک اسٹیج اداکار تھا جس نے امریکی صدر ابراہام لنکن کو قتل کیا تھا۔ ماضی کے اس کردار اور اُس واقعے کی یاد تازہ کرتے ہوئے جونی ڈیپ نے شو کے دوران اسٹیج پر آکر شرکا سے سوال کیا تھا،
”کیا آپ ٹرمپ کو یہاں لاسکتے ہیں؟“ اس پر ہال میں موجود لوگ ان کا مدعا سمجھے تونہیں، لیکن ان کے اس جملے پر قہقہے ضرور بلند ہوئے اور اسی کے ساتھ جونی ڈیپ نے اپنا اگلا سوال داغ دیا۔
”آخری بار کب ایک اداکار نے کسی صدر کو قتل کیا؟“ جونی ڈیپ کے اس سوال کے ساتھ ہی سب پر ان کی بات واضح ہو گئی۔
یہ کہا جائے تو غلط نہ ہو گا کہ ان سوالات نے گلاسٹینبری فیسٹیول کی رنگارنگی کو بھی نگل لیا، کیوں کہ میڈیا میں فیسٹیول سے زیادہ جونی ڈیپ کے شرکا سے کیے گئے وہ دو سوال ہی زیرِ بحث رہے۔