اسلام آباد : جسٹس عامرفاروق اسلام آباد ہائی کورٹ کے چھٹے چیف جسٹس بن گئے، جسٹس عامرفاروق کا تعلق لاہور سے ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کی تقریب حلف برداری ایوان صدر میں ہوئی۔
جس میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس عامر فاروق نے بطور چیف جسٹس ہائی کورٹ کے عہدے کا حلف اٹھالیا، صدر مملکت نے جسٹس عامرفاروق سے حلف لیا۔
جس کے بعد جسٹس عامرفاروق اسلام آباد ہائی کورٹ کے چھٹے چیف جسٹس بن گئے ، جسٹس عامرفاروق کا تعلق لاہور سے ہے۔
جسٹس اطہرمن اللہ کے سپریم کورٹ جانے کے بعد ہائیکورٹ میں ججز کی تعداد 8 ہوگئی ہے۔
ایوان صدر میں حلف برداری کی تقریب کے بعد اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیف جسٹس کو گارڈ آف آنر پیش کیا جائے گا۔
خیال رہے گزشتہ ہفتے جسٹس اطہرمن اللہ کو سپریم کورٹ میں تعیناتی کی منظوری دی گئی تھی۔
یاد رہے جسٹس عامر فاروق نے یکم جنوری 2015 کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے ایڈیشنل جج کے طور پر حلف لیا تھا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ میں 7 برسوں کے دوران انہوں نے سنگل بینچ میں 10 ہزار سے زائد مقدمات کا فیصلہ سنایا۔