کراچی: گزشتہ روز شہر قائد کے نیو ٹاؤن حدود سے اغوا ہونے والا 12 سالہ بچے کو بازیاب کرا لیا گیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق ڈسٹرکٹ کورنگی الفلاح پولیس کی بڑی کارروائی سے نیوٹاؤن کی حدود سے اغوا ہونے والا 12 سالہ انسب کو بازیاب کرا لیا گیا ہے۔
ایس ایس پی کورنگی طارق نواز کا بتانا ہے کہ 12 سالہ انسب کو الہلال سوسائٹی سے اغوا کیا گیا تھا، بچہ باغ ملیر بلاک اے کے ایک مکان میں قید تھا، رات بچہ رونےلگا، معاملہ مشکوک دیکھ کر اہل علاقہ نے پولیس کو فون کیا۔
ایس ایس پی طارق نواز نے کہا کہ دروازے پر لگا تالا توڑ کر پولیس پارٹی اندر داخل ہوئی، بازیابی کے وقت بچہ نیم بے ہوشی کی حالت میں تھا، متاثرہ بچے کو فوری طبی امدادکیلئے اسپتال منتقل کیا گیا۔
ایس ایس پی کورنگی کے مطابق بچہ اس وقت والدین کےساتھ نجی اسپتال میں ہے جبکہ اغوا میں ملوث ملزمان کا پتہ لگانے کی کوشش کر رہے ہیں، الفلاح پولیس نے بازیابی کے بعد مزید تفتیش کا آغاز کردیا ہے۔