کراچی کے علاقے خواجہ اجمیر نگری میں مبینہ پولیس مقابلے میں تین ملزمان کی ہلاکت کی سی سی ٹی وی ویڈیو سامنے آگئی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے خواجہ اجمیر نگری میں گزشتہ روز دکان میں لوٹ مار کرنے والے تین ملزمان کو پولیس نے مبینہ مقابلے کے بعد ہلاک کیا تھا جبکہ ایک ملزم فرار ہوگیا تھا۔
سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ چار ملزمان ایک دکان پر اترے اور ڈکیتی کی واردات سے قبل اندھا دھند فائرنگ کرتے رہے، ملزمان نے خوف و ہراس پھیلانے کے لیے پورا برسٹ مارا۔
ملزمان کی فائرنگ سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا تو دوسری جانب پولیس گولیوں کی آواز سن کر جائے وقوعہ پر پہنچی تو ملزمان سے مقابلہ ہوا، پولیس کی فائرنگ سے تین ملزمان موٹر سائیکل سے گر گئے۔
ویڈیو میں تین ملزمان کو زمین پر گرتے دیکھا جاسکتا ہے، مارے گئے دو ملزمان کا تعلق پنجاب سے ہے اور یہ دونوں پنجاب پولیس کو انتہائی مطلوب تھے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ایک ملزم کی شناخت رہ گئی جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک راہگیر زخمی ہوا ہے جبکہ ایک ملزم فرار ہوگیا۔
پولیس مقابلے میں ڈاکوؤں کی ہلاکت کے بعد دکانداروں کو تالیاں بجا کر پولیس کو داد دیتے بھی دیکھا جاسکتا ہے۔