کراچی: ایف ائی اے امیگریشن نے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے بیرون ملک جانے والے ایرانی شہری کو گرفتار کرلیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق ایرانی شہری محمد اکبر کو پاکستانی پاسپورٹ اور شناختی کارڈ ایرانی ایجنٹ نے فراہم کیا تھا جبکہ ملزم کو ویزے سمیت دستاویزات تین لاکھ روپے میں فراہم کی گئیں۔
ذرائع کے مطابق ملزم کے خلاف فارن ایکٹ کے تحت انسداد انسانی اسمگلنگ سرکل میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی ایف آئی اے امیگریشن نے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر مختلف کارروائیاں کرتے ہوئے بیرون ملک جانے والے تین مسافروں کو گرفتار کیا تھا۔
ملزم وحید علی لغاری نے سندھ کے شہر دادو میں قتل کی واردات کی تھی اور گرفتاری سے بچنے کیلئے غیرملکی ایئر لائن سے دبئی فرار ہو رہا تھا۔
ایف آئی اے کے عملے نے مذکورہ مسافر کو حراست میں لے کر پولیس کو مطلع کردیا تھا۔
دوسری کارروائی میں ایف آئی اے امیگریشن نے پاکستانی پاسپورٹ پر سفر کرنے والے دو ایرانی باشندوں کو گرفتار کیا تھا دونوں مسافر کراچی سے غیرملکی ایئر لائن سے شارجہ جا رہے تھے۔