کراچی: جوڈیشل مجسٹریٹ وسطی نے ایان، انابیہ اور خالہ کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا حکم دے دیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد سے لاپتا کمسن بہن بھائی ایان اور انابیہ کی واپسی کے معاملے پر عدالت نے پولیس کو بچوں اور خالہ پر نظر رکھنے کا بھی حکم دیا ہے۔
عدالتی حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ خالہ دونوں بچوں کو متعلقہ تھانے کی حدود سے باہر نہیں لے جاسکتیں۔
احکامات پر عملدرآمد کے لیے حکم نامہ ایس ایس پی سینٹرل کو ارسال کرنے کا حکم دیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ایس ایس پی ایک افسر تعینات کریں جو ہر ماہ رپورٹ جمع کروائے۔
حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ بچوں کی تعلیم کا سلسلہ شروع کروایا جائے، بچوں نے کہا وہ اپنی خالہ کے ساتھ جانا چاہتے ہیں، عدالت بچوں کو عارضی کسٹڈی خالہ کے حوالے کرتی ہے۔
یاد رہے کہ منگل کی رات نارتھ ناظم آباد سے 2 کم عمر بچے لاپتا ہو گئے تھے، لاپتا ہونے والے بچوں کے ماموں نے بتایا تھا کہ ایان اور انابیہ رات کو 11 بج کر 50 منٹ پر نیچے اترے تھے۔
مزید پڑھیں: نارتھ ناظم آباد کے ایان اور انابیہ گھر چھوڑ کر کیوں گئے؟ اہم انکشاف
لاپتا ہونے والے انابیہ اور ایان کی والدہ نے سوشل میڈیا پر مدد کے لیے پوسٹ بھی جاری کردی تھی، اپنے بیان میں والدہ نے بتایا کہ بچوں کو ہر جگہ ڈھونڈا لیکن کوئی معلومات نہ مل سکی ہیں، اگر کسی کو بچوں سے متعلق کچھ پتا ہو تو ضرور اطلاع دیں۔
بعدازاں اگلے دن بدھ کو گمشدہ بچوں کی والدہ شمائلہ نے کمسن ایان اور انابیہ کے ملنے کی تصدیق کردی تھی۔
مزید پڑھیں: نارتھ ناظم آباد سے لاپتہ بھائی بہن سے متعلق اہم خبر آگئی
والدہ نے سوشل میڈیا کے ذریعے بتایا تھا کہ 2 نامعلوم افراد بچوں کو حیدری چھوڑ کر چلے گئے تھے، انہیں ایک نامعلوم نمبر سے کال آئی تھی کہ بچوں کو حیدری پر چھوڑ دیا جائے گا، جب ان کے بھائی اس مقام پر پہنچے تو بچے وہاں موجود تھے بعدازاں بچوں کو عدالت میں پیش کیا گیا تھا۔