کراچی : شاہین فورس اہلکار کے قتل کیس میں جائے وقوعہ سے ملنے والے خول ملزم کی پستول سے میچ کر گئے، ڈسٹرکٹ ساؤتھ ٹیم نے ملزم خرم نثار کا اسلحہ برآمد کیا تھا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستانی نژاد سوئیڈش باشندے کے ہاتھوں کراچی میں شاہین فورس اہلکار عبدالرحمان کے قتل کی تحقیقات کے دوران ایک اور اہم پیش رفت سامنے آئی۔
تفتیشی حکام کا کہنا تھا کہ جائے وقوعہ سے ملنے والے دونوں خول خرم نثار کی پستول سے میچ کر گئے ہیں، ڈسٹرکٹ ساوتھ پولیس کی خصوصی ٹیم نے ملزم خرم نثار کا اسلحہ برآمد کیا تھا جس کے ساتھ پولیس کو 6 گولیاں بھی ملی تھی۔
تفتیشی پولیس نے کہا کہ خرم نثار کے نائن ایم ایم پستول سے ہی عبدالرحمان شہید ہوا جو اب برآمد کرلیا گیا ہے، جبکہ خرم جس کار میں سوار ہوا وہ بھی پولیس نے قبضے میں لے لی تھی۔
حکام کا کہنا تھا کہ کار سے واردات میں استعمال کار کی نمبرپلیٹیں بھی مل گئی تھی، گرفتار ملزمان عامر اور اورنگزیب کا مزید 5 روزہ ریمانڈ حاصل کیا ہے۔
تفتیشی پولیس کے مطابق ملزمان نے خرم نثار کو فرار کروانے میں سہولت کاری کی، جس کے ٹھوس ثبوت موجود ہیں اور کیس پر مزید کام کیا جارہا ہے۔