کراچی : کورنگی چمڑا چورنگی پر ایک سال قبل ڈکیتی مزاحمت پر باپ بیٹی کو قتل کرنے والا اشتہاری ملزم پکڑا گیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر باپ بیٹی کو قتل کرنے والے اشتہاری ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔
ایس ایس پی کورنگی توحید رحمان نے بتایا کہ کورنگی انڈسٹریل ایریا پولیس نے حساس ادارے کے ہمراہ مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے دہرے قتل کے مفرور اور اشتہاری ملزم علی گوہر کو گرفتار کیا ہے۔
ایس ایس پی کورنگی کا کہنا تھا کہ ملزم نے کورنگی چمڑہ چورنگی پر واردات کے دوران مزاحمت کرنے پر تیس بور پستول سے 8 گولیاں چلائی تھی، جس سے 2 سالہ انعم اور والد طاہر زمان جاں بحق ہوگیا تھا۔
توحید نے بتایا کہ کہ مقتول طاہر زمان پاکستان نیوی میں بطورسیلر ملازمت کرتا تھا جو اس روز اپنی بیٹی کو موٹرسائیکل پر سی ویو گھمانے لے گیا تھا اورگھر واپس آتے ہوئے سیکٹر 16 مین روڈ پر یہ افسوسناک واقعہ پیش آیا تھا۔
ایس ایس پی کورنگی کے مطابق گرفتار ملزم کے خلاف مذید قانونی کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے۔
خیال رہے سال 2023 میں کورنگی صنعتی ایریا کے علاقے میں موٹرسائیکل پر سوارطاہر زمان اور دو سالہ بیٹی انعم کو جرائم پیشہ عناصر نے گولیاں مار کر قتل کردیا تھا۔