کراچی کے علاقے ملیر سٹی میں شوہر نے بیوی کو گولی مار کر خودکشی کرلی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پولیس حکام کا بتانا ہے کہ فائرنگ سے قبل شہری نے گیلری میں کھڑے ہوکر خودکشی کی دھمکی دی، شہری نے گھر کا دروازہ بند کرکے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں اس کی اہلیہ جاں بحق ہوگئی بعد میں اس نے خود بھی اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا۔
پولیس کا بتانا ہے کہ شہری نے گیلری میں کھڑے ہوکر کہا کہ میڈیا کو بلاؤ ورنہ خودکشی کرلوں گا، گیلری کے باہر جمع ہونے والے شہریوں نے پولیس کو واقعے کی اطلاع دی۔
ایس ایس پی ملیر طارق الٰہی مستوئی کا بتانا ہے کہ متوفی اپنے مسائل بتانے کے لیے بار بار میڈیا کو بلانے کا مطالبہ کررہا تھا، پولیس نے پہنچ کر دھمکیاں دینے والے شخص کو منانے کی کوشش کی۔
ملیر سٹی میں شوہر کی بیوی کو گولی مار کر خودکشی #ARYNews pic.twitter.com/VTOrvDnWCg
— ARY NEWS (@ARYNEWSOFFICIAL) December 16, 2023
ایس ایس پی کا بتانا ہے کہ پولیس کے سمجھانے کے باوجود متوفی گھر کے اندر داخل ہوا اور فائرنگ کردی۔
تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ پولیس دروازہ توڑ کر اندر داخل ہوئی تو خاتون اور مرد کی لاشیں ملیں، جاں بحق میاں بیوی کا کمسن بچہ محفوظ حالت میں ملا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولہ کی شناخت رخشندہ کے نام سے ہوئی ہے جبکہ متوفی مشکور کافی عرصے سے نفسیاتی مسائل کا شکار تھا۔
ایس ایس پی ملیر کا کہنا ہے کہ واقعے سے متعلق مزید تحقیقات جاری ہیں۔